Live Updates

نیب احتساب کا نہیں انتقام کا ادارہ ہے

احتساب عدالتیں اپوزیشن کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں،فضل الرحمن

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 7 جولائی 2019 05:58

نیب احتساب کا نہیں انتقام کا ادارہ ہے
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی2019ء)   مریم نواز کی گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس نے میڈیااور ملکی سیاست میں ایک مرتبہ تو ہلچل پیدا کر دی ہے۔معلوم نہیں کہ اس کا رزلٹ کیا نکلتا ہے اور اس کا فائدہ حکومت کو ہوتا ہے یا اپوزیشن کو مگر اس وقت ایک مرتبہ تو احتساب محکمہ سمیت حکومت اور عدلیہ کو بھی پریشانی لاحق ہو چکی ہے۔تمام اپوزیشن جماعتیں اس ویڈیو کے ذریعے احتساب اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ حکومت نے ویڈیو کو جعلی ہونے اور فرانزک ٹیسٹ کرانے کا بھی کہہ دیا ہے۔

اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے حکومت کو لتھاڑتی نظر آ رہی ہیں مگر موجودہ واقعہ نے تو حکومت پر پریشر اور بھی بڑھا دیا ہے۔مریم نواز سمیت ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے یہ ویڈیو میڈیا کے سامنے لا کر حکومت پر کڑی تنقید کرنے کے ساتھ ساتھ نواز شریف کی سزا کو بھی غلط قرار دیا جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی ن لیگ کی ہاں میں ہاں ملانے کے لیے تیار ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ نیب انتقامی ادارہ بن چکا، مریم نواز اور شہباز شریف سب کی متفقہ رائے ہے۔سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس نے حیرت میں ڈال دیا ہے۔ نیب احتساب نہیں انتقامی ادارہ ہے۔ احتساب عدالتیں اپوزیشن کے خلاف استعمال ہو رہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے خلاف فیصلے دینے والے جج نے دبائو کا اعتراف کیا، خود ساختہ احتساب بے نقاب ہوگیا، احتساب کے نام پر انتقام کا حصہ نہیں بنیں گے۔امیر جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ پہلے دن کہا تھا کہ یہ حکومت غلط ہے، آج جو صورتحال ہے وہ ناقابل قبول ہے، ہر چیز کی حد ہوتی ہے مگر اب وہ حد پار ہوگئی ہے، حکومت کیخلاف ملک بھر میں ملین مارچ کئے۔ 25 جولائی کو اپوزیشن مشترکہ ملین مارچ کرے گی۔ 

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات