مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں خواتین کی قیادت کی اور قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا، شعیب اکمل ہاشمی

پیر 8 جولائی 2019 18:55

ملتان ۔08جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2019ء) چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ڈسٹرکٹ ملتان رہنما پاکستان تحریکِ انصاف مخدوم شعیب اکمل ہاشمی،سماجی رہنما ماہر تعلیم جاوید اقبال غوری ، پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول برائے جسمانی معذوراں میاں محمد ماجد نے کہا ہے کہ مادرملت محترمہ فاطمہ جناح نے تحریک پاکستان میں خواتین کی قیادت کی اور قیام پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔

وہ ہماری رول ماڈل تھیں اورآج کی نئی نسل خواتین کیلئے وہ ہمیشہ رول ماڈل رہیں گی۔ ہمیں نئی نسل کو ان کی تعلیمات اور خدمات سے روشناس کروانا ہوگا۔ فاطمہ جناح با اصول لیڈر اور سچی محب وطن پاکستانی تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان کے زیر اہتمام مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی52 ویں یوم وفات کے موقع پر سہہ روزہ تقریبات کے دوسرے روز گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سکول ملتان میں منعقدہ مادرملت فاطمہ جناح کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

مادر ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ جو قومیں اپنے ہیروز کو بھلادیتی ہیں تو رسوائی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ہمیں اپنی نئی نسل کو تحریک پاکستان کے اکابرین ومشاہیر سے متعارف کروانا ہوگا،تبھی ان کو یہ احساس ہوگا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے۔جو بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل ہواہے۔اس موقع پر بچوں نے ملی نغموں تقاریر کے ذریعے مادرِملت محترمہ فاطمہ جناح کو خراج عقیدت پیش کیا دریں اثنا ء تین روزہ تقریبات کے آخری روز آج ای لائبریری ملتان میں خصوصی تقریب منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ سید حامد سعید کاظمی ہونگے اس موقع پرطلبا و طالبات کے درمیان تحریکِ پاکستان میں فاطمہ جناح کے کردار کے موضوع پر تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔