یمن میں رواں سال ہیضہ کی وبا سے اموات 705 ، متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 60ہزار تک پہنچ گئی ہے، اقوام متحدہ

منگل 9 جولائی 2019 13:02

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2019ء) جنگ سے تباہ حال ملک یمن میں رواں سال ہیضہ کی وبا سے اموات 705 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 60ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق کے مطابق یمن میں2018ء کے دوران ہیضہ کی وبا سے 75 اموات اور 3 لاکھ 80 ہزار افراد متاثر ہوئے تھے اور رواں سال اس میں اضافہ ہونے کے بعد 4لاکھ 60 ہزار افراد ہیضے میں مبتلا ہوئے ہیں جس کے باعث جنوری سے 705 اموات ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 75 اموات ہوئیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں حالیہ سیلاب، صاف پانی کی عدم فراہمی، آبپاشی اور صفائی کے ناقص انتظام کے باعث ہیضے کی وباء پھیلنے میں تیزی آئی ہے ۔ رواں سال ہیضہ کی وبا سے متاثر ہونے والوں میں اندازاً 2 لاکھ بچے شامل ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لئی20 ملین سے زیادہ افراد کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طبی امداد کے لئی4.2 بلین ڈالر کی فوری ضرورت ہے ۔ اب تک اس رقم کا صرف 32 فیصد فراہم کیا گیا ہے۔