بلوچستان کے شہر حب میں کوسٹل آئل ریفائنری کی بنیاد رواں سال کے آخر میں رکھے جانے کا امکان، دو لاکھ پچاس ہزار بیرل تیل یومیہ صاف کرنے کی گنجائش ہوگی

جمعہ 12 جولائی 2019 10:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی بہتر بنانے کے لئے کوسٹل آئل ریفائنری کی بنیاد رواں سال کے آخر میں رکھے جانے کا امکان ہے، اس آئل ریفائنری میں دو لاکھ پچاس ہزار بیرل تیل یومیہ صاف کرنے کی گنجائش ہو گی۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ ( پارکو) بلوچستان کے شہر حب میں جدید کوسٹل آئل ریفائنری قائم کرے گی جس پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ منصوبہ 2023ء کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ اس منصوبے کے لئے ایک ہزار ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے جس کی اکتوبر 2007ء میں منظوری دی گئی تھی لیکن فنڈز کی قلت کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا ہے۔ کوسٹل آئل ریفائنری تیل کی پیداوار کے شعبہ میں خود کفالت کے حصول کی طرف ایک اہم پیشرفت ہو گی اور حکومت موجودہ آئل ریفائنریوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پوراکرنے کے لئے نئی ریفائنریوں کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :