کراچی ،مہنگائی کے ڈسے ہوئے عوام نے ملک بھرمیں کامیاب ترین ہڑتال کرکے عمرانی حکومت کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے،قاری محمد عثمان

ہفتہ 13 جولائی 2019 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء اور جامعہ عثمانیہ شیر شاہ کے رئیس قاری محمد عثمان نے کہا کہ مہنگائی کے ڈسے ہوئے عوام نے ملک بھرمیں کامیاب ترین ہڑتال کرکے عمرانی حکومت کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے۔کامیاب ہڑتال پاکستان کے 22 کروڑ عوام کا جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔اگر تاجروں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پورا ملک جام ہوکر رہ جائے گا۔

وہ آرام باغ،ایم اے جناح روڈ، اکبر روڈ، عالم مارکیٹ،اقبال مارکیٹ سمیت مختلف مارکیٹوں کے دورے کے بعد کراچی تاجر اتحاد کے چئیرمین عتیق میر،کپڑامارکیٹ کے صدر حاجی شرافت خان ممتاز تاجر رہنما الطاف شکور ،اولڈ سٹی کراچی کے چئیرمین ایس ایم عالم، صدر محمد صدیق،جنرل سیکریٹری محمد یعقوب پالی، سکندر میمن اور دیگر تاجر رہنماؤں سے انکے دفاتر اور مارکیٹوں میں ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

قاری محمد عثمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کے اعلان سے ملک بھرمیں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی ڈویڑنل اور ضلعی سطح پر کارکنوں نے تاجروں کے شانہ بشانہ پر امن ہڑتال و احتجاج میں بھر پور شرکت کی۔ قاری محمد عثمان نے تاجر برادری اور چھوٹی بڑی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے دوران کامیاب اور پر امن ہڑتال کی مبارکباد دینے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی جعلی وزیر داخلہ کا دوکانوں کو سیل اور دوکانداروں کو جیل بھیجنے کا اعلان انہیں مہنگا پڑ گیا۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ 71 سال میں کسی بھی حکومت کے پہلا سال پورے کرنے سے پہلے اتنی کامیاب ترین ہڑتال کی مثال نہیں ملتی۔#