بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن ،کوئٹہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام مزید چار میچوں کاانعقاد

ہفتہ 13 جولائی 2019 22:41

بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن ،کوئٹہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام ..
کوئٹہ۔ 13جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2019ء) بلوچستان ہاکی ایسو سی ایشن ،کوئٹہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت جاری چوتھے علی احمد شہید انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ہفتہ کے روز مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پہلا میچ کچلاک ہائی سکول اور سینٹرل ہائی سکول کی ہاکی ٹیموں کے مابین کھیلے گئے میچ میں کچلاک ہائی سکول کی ٹیم نے سینٹرل ہائی سکول کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔

جبکہ دوسرے میچ میں وحدت کالونی ہائی سکول کی ٹیم نے پولیس گرائمر ہائی سکول کی ٹیم کو ایک گول سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں تیسرا میچ المستقیم ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائی سکول نواب اکبر بگٹی کے درمیان کھیلا گیا جو کہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز ٹورنامنٹ کے سلسلے میں چوتھا اور آخری میچ سملی ہائی سکول اور جامعہ ہائی سکول کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں سملی ہائی سکول کی ٹیم نے ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔

ایمپائرنگ کے فرائض محمد اسلم ، عدنان نافع ، ثاقب ایاز نے انجام دیئے۔ جبکہ جیوری میں محمد علی ، محمد عدنان ، زاہد ، احسن جلیل ، محمد شکیل شامل تھے ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری کامران صابر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر احسن جلیل ہیں۔ واضح رہے کہ یہ ٹورنامنٹ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن ،کوئٹہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی کے زیر اہتمام اپنی مدد آپ کے منعقد کیا جا رہا ہے جس میں فیزیکل ایجوکیشن کا بھی تعاون حاصل ہے۔

اس حوالے سے بی ایچ اے کے سیکرٹری جنرل امجد ستی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے جنہوں نے حکومت سے بھرپور اپیل کی ہے کہ وہ صوبے کے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور مختلف ٹورنامنٹس کے انعقاد میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بلوچستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے گرانڈ نے ملنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں دشواریاں پیش آرہی ہیں، مذکورہ ٹورنامنٹ میں بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شریک 10سکولوں کی ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں کو یونیفارم اور ہاکی کا سامان بھی فراہم کیا گیا ۔