ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے،حسن روحانی

امریکیوں کو اختیار کردہ ہرطریق سے شکست ہوئی،خطے میں اس کی مذمت کی جارہی ہے،ایرانی صدر

پیر 15 جولائی 2019 12:05

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے اپنی قوم کا مورال بلند کرنے کے لیے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ایران امریکی پابندیوں کے مقابلے میں پختہ عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدرحسن روحانی ایران کے شمالی صوبے خراسان میں پہنچے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے والے تھے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی اقتصادی اور فوجی قوت نے گذشتہ چودہ ماہ سے ایران کے عوام کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عاید کررکھی ہیں لیکن ان چودہ مہینوں کے دوران میں ایرانی عوام عزم واستقلال کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور امریکیوں کو اپنے اختیار کردہ ہر طریق سے شکست ہی ہوئی ہے۔صدر روحانی نے کہا کہ امریکا کی خطے میں مذمت کی جارہی ہے اور وہ شام اور یمن میں شکست سے دوچار ہوا ہے۔انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایران کے غیرملکی قرضے میں 2017ء کے بعد قریباً پچیس فی صد تک کمی واقع ہوچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :