بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ناقص اور مضر صحت اشیائ خوردنوش کی پروڈکشن اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

منگل 16 جولائی 2019 22:40

کوئٹہ۔ 16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ناقص اور مضر صحت اشیاء خوردنوش کی پروڈکشن اور فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی میجر (ر) بشیر احمد کی سربراہی میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں قائم کنٹینر کا معائنہ کیا۔

دوران معائنہ کنٹینر میں موجود مختلف اشیاء خورد نوش کے معیار اور صفائی کے انتظامات کو چیک کیا گیا جبکہ کنٹینرز میں استعمال ہونے والے دودھ کے موقع پر مختلف ٹیسٹ کیے گئے، دودھ میں مضر صحت و خطرناک کیمیکل پائے جانے اور ملک شیک وغیرہ میں خراب و زائدالمیعاد پھلوں کے استعمال اور صفائی کی ناقص صورتحال پر دونوں کینٹینز کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا مقصد خوراک کے معیار کو بہتر بنانا اور نقائص کی اصلاح کرنا ہے تاکہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اورمحفوظ خوراک میسر آسکے اور اس مقصد کے حصول کے لیے یے ملاوٹ وجعل سازی کرنے والوں کو کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔علاوہ ازیں بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم کی گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کے خلاف کارروائیاں منگل کے روز بھی جاری رہیں فوڈاتھارٹی حکام نے منگل کے روز کارروائی کے دوران سمنگلی روڈ اور خروٹ آباد کے علاقوں میں سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی مزید کاشت روکنے کے لیے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر نالے کے پانی کو بند کیا۔