کب تک جھوٹے وعدوں پراعتبار کرو گے، ایک بار اٹھ جائواورخاموشی توڑو

میرا مقصد حکومت گرانا نہیں،مسائل کا حل چاہتاہوں، مصطفیٰ کمال

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 20 جولائی 2019 06:17

کب تک جھوٹے وعدوں پراعتبار کرو گے، ایک بار اٹھ جائواورخاموشی توڑو
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2019ء)   احتساب کا عمل بجا مگر زبان خلق یہ سوال کرنے بھی جسارت کرتی ہے کہ احتساب صرف اپوزیشن کا ہی کیوں؟ن لیگ سے لے کر پیپلز پارٹی تک اور مولانا فضل الرحمٰن سے لے کر پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال تک وہ سب لوگ کرپٹ ہیں جو اپوزیشن کا حصہ ہیں اس لیے نیب ان کے خلاف ریفرنس پہ ریفرنس ڈال رہی ہے اور انہی پارٹیوں کا حصہ بن کر جو لوگ سابقہ حکومتوںمیں مزے لوٹتے رہے اور اب پی ٹی آئی میں شامل ہو کر پھر سے حکومتی پروٹوکول کے مزے لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف ریفرنس دائر کویں نہیں ہوتے؟حکومت کے ایسے ہی احتساب کی بنا پر اپوزیشن کی چھوٹی سے چھوٹی پارٹی بھی حکومت کے خلاف جلسے کرتے نظر آرہی ہے۔

اب پی ایس پی نے بھی کراچی میں میدان سجانے کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ایس پی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں۔ نیوز کانفرنس میں مصطفیٰ کمال کا کراچی کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کب تک جھوٹے وعدوں پراعتبار کرو گے، ایک بار اٹھ جائو، خاموشی توڑو اور اس جدوجہد میں شامل ہوجائو،21 جولائی کو کراچی والے آئیں تاکہ ہماری آواز دور تک جاسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت گرانے نہیں مسائل کے حل کیلئے جہدوجہد کررہے ہیں۔پی ایس پی باغ جناح کو کراچی میں رہنے والے اور ہر زبان بولنے والوں سے بھر دے گی، آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے جو پہلے سے مضبوط ہوگئی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ٹی وی ٹاک شوز دیکھ کر حکمرانوں کو برا بھلا کہنے سے قوم کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال سمیت دیگر کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

مصطفی کمال کے خلاف دائر ریفرنس میں نیب نے ملزم پر ساحل سمندر پر ساڑھے 5 ہزار مربع گز زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام عائد کیا ہے۔نیب ریفرنس کے مطابق زمین1980 میں ہاکرز اور دکانداروں کو لیز پر دی گئی تھی جو 2005 میں نجی تعمیراتی کمپنی نے لیز پر حاصل کرلی۔ مصطفی کمال نے بلڈر کو کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کی غیرقانونی اجازت دی۔