گلوکار محسن عباس حیدر کے اپنی بیوی فاطمہ پر تشدد کا گواہ ہوں

محسن عباس نے 2018ء میں جب فاطمہ کو مارا تو میری ہی دوست اسے اسپتال لے کر گئی تھی۔ اداکار مرزا گوہر رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 جولائی 2019 11:52

گلوکار محسن عباس حیدر کے اپنی بیوی فاطمہ پر تشدد کا گواہ ہوں
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 جولائی 2019ء) : گلوکار و اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر دھوکہ دہی اور گھریلو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا الزام عائد کیا جس کی محسن عباس نے تردید کر دی۔ تاہم اب اداکار مرزا گوہر رشید نے نیا انکشاف کر دیا ہے۔ اداکار نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فاطمہ کے ساتھ جو بھی نا انصافی ہوئی میں خود بھی اس کا گواہ ہوں کیونکہ 2018ء میں جب محسن عباس نے فاطمہ کو مارا پیٹا تو میری ہی ایک دوست اسے اسپتال کے کر گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ اپنی دوست کے ذریعے ہی مجھے فاطمہ کی پوری کہانی کا علم ہوا۔ فاطمہ میری بہن جیسی ہے۔
مرزا گوہر رشید کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی شادی بچانا چاہتی تھی۔

(جاری ہے)

فاطمہ صرف اپنے بچے کی صحت ٹھیک ہونے کی یقین دہانی کرنا چاہتی تھی اور ہم نے اس کے فیصلے کی عزت کی اور خاموش رہے۔ لیکن اب جبکہ فاطمہ نے اس حوالے سے آواز اُٹھا دی ہے تو ہم سب اس کے ساتھ ہیں۔

مرزا گوہر نے اپنے ایک اور ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ محسن عباس جیسے مرد حضرات ہمارے معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔ مجھے محسن عباس بے حس اور ذہنی مریض لگتا ہے۔ میں اُس کو معاشرے کے لیے ایک خطرے کے طور پر دیکھتا ہوں۔ فاطمہ کو انصاف چاہئیے جبکہ محسن عباسی کو علاج کی ضرورت ہے۔
واضح رہے اداکار اور گلوکار محسن عباس عرف ڈی جے پر ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے بدترین مبینہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کا سنگین ترین الزام عائد کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنی تصاویر شئیر کی تھیں لیکن گذشتہ روز محسن عباس حیدر نے ان تمام تر الزامات کی تردید کر دی تھی۔

متعلقہ عنوان :