راولپنڈی شہرکو ماڈل شہر بنانے کے لیے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تجاویز مفید ہیں،ثاقب ظفر

رنگ روڈ منصوبہ اسی سال شروع ہو گا،کمرشل سرگرمیوں کے فروغ، مارکیٹوں کی منتقلی ، رہائشی سکیموں کے حوالے سے چیمبر آف کامرس،تاجر برادری اہم سٹیک ہولڈرز ہیں، ان کی رائے مشاورت سے آگے بڑھیں گے،کمشنر راولپنڈی

پیر 22 جولائی 2019 23:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2019ء) کمشنرراولپنڈی ثاقب ظفر نے کہا کہ راولپنڈی شہرکو ماڈل شہر بنانے کے لیے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی تجاویز مفید ہیں۔ رنگ روڈ منصوبہ اسی سال شروع ہو گا، رنگ روڈ کے ساتھ کمرشل سرگرمیوں کے فروغ، مارکیٹوں کی منتقلی اور رہائشی سکیموں کے حوالے سے چیمبر آف کامرس اورتاجر برادری اہم سٹیک ہولڈرز ہیں، ان کی رائے اور مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔

روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے پاس دادوچہ ڈیم کے لیے اراضی کے حصول سے متعلق افواہوں سے گریز کیا جائے، اگلے ہفتے خود دورہ کروں گا اورموقع پر جا کر فیکٹری مالکان کے خدشات دور کروں گا۔ حکومت صنعتی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی ، لنک روڈ کی فراہمی پر بھی کام جلد شروع ہو گا غیر متعلقہ اراضی کے نوٹسسز خارج کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ کاروباری طبقہ کی بہتری کے لئے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے گا۔

راولپنڈی کے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے جمخانہ کلب کی تزئیں آرائش و انتظامی امور اور ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے شہر میں مزید نئے پارکنگ پلازہ کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان خطوط پر کا م کر رہی ہے۔ انہوں نے صدر آر۔

سی۔ سی۔ آئی کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تما م منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ چیمبر نے گلورئیس راولپنڈی منصوبہ شروع کر رکھا ہے اور ضلعی انتظامیہ خاص طور پر پی ایچ اے، آ رڈی اے کے ساتھ مل کر شہر کی خوبصورتی، تاریخی عمارت کی بحالی اور شہر کو سیاحت کے لیے سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، اس موقع پر گلورئیس راولپنڈی کے حوالے سے چیئر مین گلورئیس راولپنڈی اسد مشہدی نے ایک پریژیٹیشن بھی دی ۔

جس میں مری روڈ کی خوبصورتی ، عمارتوں کی بحالی، لئی ایکسپریس وے کے ساتھ بلند عمارات کی تعمیر، پارکوں کی بحالی، ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، فوڈ کورٹ اور سیاحتی مقامات کی بہتری کے حوالے سے تجاویز دی گئیں۔ انہوں نے چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر مختصر بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف، ایس ایم نسیم،سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، ، انجمن تاجران کے نمائندے اور تاجروں کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔