تھانوں کے معاملات میں مزید بہتری کیلئے افسران پولیس اسٹیشنز کے سرپرائز وزٹس میں تیزی لائیں،آئی جی پنجاب

منگل 23 جولائی 2019 20:24

تھانوں کے معاملات میں مزید بہتری کیلئے افسران پولیس اسٹیشنز کے سرپرائز ..
لاہور۔23 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ تھانوں کے معاملات میں مزید بہتری کیلئے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت تمام ایس پیز اپنے زیر انتظام پولیس اسٹیشنز کے سرپرائز وزٹس میں تیزی لائیں اور تھانوں میں تعینات نفری کی حاضری اورکارکردگی کو چیک کرتے ہوئے انہیں پرفارمنس لیول بہتر سے بہتر بنانے کیلئے بریفنگ بھی دیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا، اجلاس میںایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، سی سی پی اولاہوربی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنزاشفاق احمد خان اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحیدسمیت دیگر افسران موجود تھے ، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ افسران اپنے زیر انتظام تھانوں کے اچانک دوروں کا اندراج ریکارڈ بک میں لازمی کریںاورتھانوں کیلئے متعین نفری کوبلا مقصد کسی دوسری ڈیوٹی پر ہرگز نہ لگایا جائے ، آئی جی پنجاب نے لاہور کے تھانوںمیں صفائی کی صورتحال اور پولیس وین میں گنجائش سے زیادہ ملزموں کو بٹھانے کے واقعہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بد انتظامی کے ایسے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی سے ہرگز گریز نہ کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام تھانوں کی صفائی اور رنگ و روغن کا کام یکم ستمبر تک مکمل کرایا جائے ، انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر کے بعد میں خود پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالخصوص لاہور کے تھانوں کے سرپرائز وزٹ کروں گا اور جن اضلاع کے تھانوں میں افسران کے دوروں اور انسپکشن کا ریکارڈ نہ پایا گیا تووہاں ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ تھانوں میں تعینات نفری کی مکمل حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، انہوںنے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات فروشی کی لت لگا کر ان کا مستقبل خراب کرنے والے عناصراور منشیات فروشی میں ملوث معاشرتی ناسوروں کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے اور کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھی بھجوائی جائے،انہوں نے کہا کہ عوام کی املاک پر قبضہ کرنے والے پیشہ ور گروہ اور انکی پشت پناہی کرنے والے عناصر بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں ، ایسے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں غفلت کے مرتکب افسران سے جواب طلبی کرتے ہوئے انکے خلاف بلاتاخیر کارروائی عمل میں لائی جائے، آئی جی پنجاب نے افسران کو تاکید کی کہ تھانوں میں متعین اہلکاروں سے بہترین پرفارمنس لینا سینئر افسران کی ذمہ داری ہے لہذا تمام افسران آپریشنز اورانویسٹی گیشن دونوں شعبوں کی ہفتہ وار میٹنگ کو اپنا شعار بنائیں جس میں بہترین پرفارمنس کا مظاہر ہ کرنے والے افسران واہلکاروں کو بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ غفلت ، سستی یا لاپرواہی کے ذمہ داران کے خلاف مناسب کارروائی عمل میںلائی جائے ۔