مستقبل کے افغانستان کو دہشت گردوں کا گڑھ نہیں بننے دیں گے، طالبان

افغان سرزمین کو کسی اورملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے،بیان

اتوار 28 جولائی 2019 12:25

مستقبل کے افغانستان کو دہشت گردوں کا گڑھ نہیں بننے دیں گے، طالبان
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2019ء) امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران افغان طالبان نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ افغانستان کو مستقبل میں دہشت گردوں کا گڑھ نہیں بننے دیں گے اور نہ ہی اس سرزمین کو کسی اور ملک میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں طالبان کے ترجمان نے یہ عزم ظاہر کیا کہ وہ بین الاقوامی دہشت گرد گروپوں کو افغانستان کو ایک محفوظ پناہ گاہ بناتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کی تیاری کے لیے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا کی طویل ترین جنگ اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ نائن الیون حملوں کے بعد امریکا نے افغانستان میں بمباری کا آغاز کیا تاکہ وہاں پناہ لیے ہوئے القاعدہ کے جنگجوؤں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اب 18 برس سے بھی زائد عرصہ گزرنے کے بعد امریکا کی یہ خواہش ہے کہ اس سرزمین کو مستقبل میں امریکا پر حملوں کی تیاری کے لیے استعمال نہ کیا جائے اور یہی چیز طالبان اور امریکی نمائندوں کے درمیان ہونے والی بات چیت کا مرکزی موضوع بھی ہے۔