تمام کمشنرزاورڈی سی حضرات اپنے علاقہ جات میں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے مؤثراقدامات اٹھائیں‘ ڈاکٹریاسمین راشد

ہرضلع کے ڈینگی کیسزاوراستعمال ہونے والی دوائی کے اعدادوشمار کا باقاعدہ جائزہ لیاجائے گا‘صوبائی وزیر صحت کا اجلا س سے خطاب

بدھ 7 اگست 2019 17:07

تمام کمشنرزاورڈی سی حضرات اپنے علاقہ جات میں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے اقدامات کاجائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف سعیدالحسن جعفری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اعجازاحمد، صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرزاہداخترزمان، سپیشل سیکرٹری مدثروحیدملک اورڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرہارون جہانگیرنے شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنرلاہورآصف لودھی، محکمہ تعلقات عامہ سے ڈائریکٹرنیوزجاویدیونس اورعبدالواحد،ایڈیشنل سیکرٹری لیبرڈاکٹرسہیل شہزاد، محکمہ ہائرایجوکیشن، فشریز، اوقاف، پی ٹی اے، فوڈ، انہار، کوآپریٹو، سپیشل برانچ، پی آئی ٹی بی، موسمیات، واسا، مالیات، ڈی ایچ اے، پولیس، ماحولیات، ایل ڈی اے، ریسکیو و دیگرمحکمہ جات کے افسران کے علاوہ ویڈیولنک سے کمشنرزاورڈی سی حضرات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیرصحت پنجاب نے اجلاس میں پنجاب بھر میں انسدادڈینگی اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی سیکرٹری صحت زاہداخترزمان نے صوبائی وزیرکوانسدادڈینگی مہم بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ اتنے وسائل خرچ ہونے کے باوجودڈینگی کے مریضوں میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ تمام اداروں کوسنجیدگی سے ڈینگی پرقابوپانے کیلئے اقدامات اٹھاناہوںگے۔

ہرضلع کے ڈینگی کیسزاوراستعمال ہونے والی دوائی کے اعدادوشمار کا باقاعدہ جائزہ لیاجائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ تمام کمشنرزاورڈی سی حضرات اپنے علاقہ جات میں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے مؤثراقدامات اٹھائیں۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کومفت ادویات وسکریننگ کی سہولت دی جارہی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) اعجازاحمد نے کہاکہ ڈینگی پرقابوپانے کیلئے حفاظتی اقدامات میں غفلت کی صورت میں متعلقہ کمشنرزاورڈی سی حضرات کے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔