’گورمے ‘‘ کمپنی کی زائد المیعاد ہزاروں بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرکے مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش حلال فوڈ اتھارٹی ڈیرہ نے ناکام بنادی

جمعرات 8 اگست 2019 17:00

’گورمے ‘‘ کمپنی کی زائد المیعاد ہزاروں بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرکے ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) حلال فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کی ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈائریکٹر حلال فوڈ اشتیاق احمد کی قیادت میں صوبے کی تاریخ کی بڑی کارروائی،ملتان روڈ پر واقع گودام پر چھاپے کے دوران ’’گورمے ‘‘ کمپنی کی زائد المعیاد ہزاروں بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرکے مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنادی، لاکھوں مالیت کی سکینگ و پرنٹنگ مشینری و سٹاک قبضے میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد عمیر اور ڈائریکٹر حلال فوڈ اشتیاق احمد کی قیادت میں حلال فوڈ اتھارٹی ڈیرہ نے صوبے کی تاریخ کی بڑی کاروائی کرتے ہوئے ملتان روڈ پر واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جس کے دوران چار کنال اراضی پر محیط گودام سے ملک کے معروف مشروب ساز ادارے ’’گورمے‘‘ کمپنی کی زائد المعیاد ہزاروں بوتلوں کی تاریخ تبدیل کرکے عید کے موقع پر مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر اور ڈائریکٹر حلال فوڈ اشتیاق احمد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان روڈ پر معروف مشروب ساز ادارے ’’گورمے‘‘ کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر کے گودام میں زائد المعیاد سافٹ ڈرنکس کی بوتلوں کی تاریخ استعمال کو تبدیل کرکے مارکیٹ میں سپلائی کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ مذکورہ مشروبات کے استعمال سے عوام میں بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ ہوسکتا تھا۔

کارروائی کے دوران 15لاکھ مالیت کی سکینگ و پرنٹنگ مشینری اور لاکھوں بوتلوں کا سٹاک قبضے میں لیکر گودام کو سیل کردیا گیا ہے۔ڈائریکٹر حلال فوڈ اشتیاق احمد نے میڈیا کوبتایا کہ مذکورہ گودام کے علاوہ ڈسٹری بیوٹر کے شہر میں قائم ڈسٹری بیوشن پوائنٹ کو بھی چیک کیا جائے گا اور اس کیخلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارووائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :