متحدہ عرب امارات نے بھارتی سفارتی مشنز کے باہر کشمیریوں کے حق میں احتجاج کرنے پر پابندی عائد کردی

شاہراہوں اور حساس علاقوں میں احتجاجی مظاہروں سے متعلق قوانین ہیں، مقامی قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے: اماراتی حکومت کو انتباہ

muhammad ali محمد علی بدھ 14 اگست 2019 23:55

متحدہ عرب امارات نے بھارتی سفارتی مشنز کے باہر کشمیریوں کے حق میں احتجاج ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست2019ء) متحدہ عرب امارات نے بھارتی سفارتی مشنز کے باہر کشمیریوں کے حق میں احتجاج کرنے پر پابندی عائد کردی، اماراتی حکومت نے وارننگ دی ہے کہ شاہراہوں اور حساس علاقوں میں احتجاجی مظاہروں سے متعلق قوانین ہیں، مقامی قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی جانب سے کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں حکومت نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ منانے کا باقاعدہ اعلان کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور ظالمانہ قبضے کیخلاف احتجاج کیے جائیں گے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی پاکستانی اور کشمیریوں کی جانب سے بھارتی مشنز کے باہر احتجاج کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم اس صورتحال کے پیش نظر اماراتی حکومت کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ اماراتی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی احتجاجی مظاہروں اور اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ شاہراہوں اور حساس علاقوں میں احتجاجی مظاہروں سے متعلق قوانین ہیں، مقامی قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے۔