شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس ‘ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع‘ 3 ستمبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم

منگل 20 اگست 2019 21:35

شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس ‘ ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع‘ 3 ستمبر ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے شریف فیملی کے لیے مبینہ طور پر منی لانڈرنگ سکینڈل کیس میں ملوث ملزمان قاسم قیوم، فضل داد اور آفتاب محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روزہ توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 3 ستمبر کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے متعلق تفتیشی رپورٹ پیش کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم شاہد رفیق اور آفتاب محمود حمزہ شہبازشریف اور سلمان شہباز کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں ‘دونوں ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان ریکارڈ کروائے ‘تا حال یہ دونوں ملزمان اب نیب کو مزید تفتیش کیلئے درکار نہیں ہیں جس پر احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ تو پھر انکی ضمانت کا اختیار تو نیب کے جج کے پاس نہیں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے ہائیکورٹ میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے جبکہ ملزم قاسم قیوم، فضل داد نے نیب کی تحویل میں 66 روزہ اور آفتاب محمود نے 44 روزہ جسمانی ریمانڈ کاٹا‘ تینوں ملزمان کو بعد ازاں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔