صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس

حکومت ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام اقداما ت کررہی ہے، راولپنڈی کی ہائی رسک یونین کونسلوں میں جنگی بنیادوں پر فوگنگ ، آئی آر ایس ، کولڈ فوگنگ اور سپرے کے کام کو مکمل کیا جائے اور سرویلنس میں تیزی لائی جائے،ڈاکٹر یاسمین راشد

پیر 26 اگست 2019 22:04

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2019ء) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام اقداما ت کررہی ہے، راولپنڈی کی ہائی رسک یونین کونسلوں میں جنگی بنیادوں پر فوگنگ ، آئی آر ایس ، کولڈ فوگنگ اور سپرے کے کام کو مکمل کیا جائے اور سرویلنس میں تیزی لائی جائے، راولپنڈی کی 81 یونین کونسل ڈینگی کیسز کے لحاظ سے انتہائی خطرناک ہیں، ڈھوک منشی میں زیادہ کیس سامنے آئے ہیں اس علاقے کی دس ہزار کی آبادی کو اگلے تین دن کے اندر کلیئر کیا جائے، اس مقصد کے لئے درکار مشینری اور افرادی قوت میں مزید اضافہ کیا جائے ایمرجنسی کی صورت میں ہیلتھ کونسل کے فنڈز استعمال کئے جا سکتے ہیں مزید فنڈز بھی ایشوز کروائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ پنجاب زاہد اخترزمان،ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایف اینڈ پی ملیحہ جمال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد رضوان، سی ای او ہیلتھ طاہر رضوی ،تمام اے سی صاحبان، ڈی ڈی او ایچ اور تما م متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو فور ی طور پر معطل کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور جن افسران و اہلکاروں نے پچھلے ڈینگی سیزن میں اپنے فرائض میں کوتاہی کی ان کی لسٹ تیار کی جائے اور انہیں معطل کیا جائے۔

ڈاکٹر نوید اختر سے سی ای اوہیلتھ کا چار ج واپس لے کر ڈاکٹر طاہر رضوی کو سی ای او ہیلتھ کا چارج سونپا گیا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کسی بھی حدود کومتعین کئے بغیرجہاں ضرورت ہو انسداد ڈینگی مہم پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوہان اسلام آباد کے علاقے سے زیادہ کیس سامنے آنے کے باعث راولپنڈی کی ٹیمیں وہاں پر بھی کام کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقہ کے لوگوں کو انسداد ڈینگی مہم سے متعلق شعور و آگاہی دینے کے لئے بینرز آویزاں کئے جائیں ،پمفلٹ تقسیم کئے جائیں اور مساجد میں اعلان کے ذریعے بھی لوگوں کو بتایا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ٹیچنگ ہسپتال ڈیش بورڈ پر ٹائم کے ساتھ مکمل رپورٹس آویزاں کریںاور جس دن کیس ہو اسی دن ہی رسپانس کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ انسدا د ڈینگی مہم کے تحت ہائی رسک علاقوں میںصفائی اور سپرے کاکام روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈھوک منشی، نواز کا لو نی، سٹی و لاز، ایئر پو رٹ ہا ئو سنگ سو سا ئٹی، ڈھوک کالا خان، گل بہار کالونی،کوٹ جبی اور و کیل کالونی میں ڈ ینگی لا روا ملنے کے پیش نظر انسداد ڈ ینگی مہم کے تحت ہنگامی طور پر سر گر میاں جا ری ہیں۔ اے ڈی سی صاحبان،اے سی صاحبان ، محکمہ زراعت اور لوکل گورنمنٹ کے افسران تمام کام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جا رہی ہیں۔