فرانسیسی چڑیا گھر میں آنے والے ناخنوں سے گینڈے کی پشت پر نام لکھنے لگے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 26 اگست 2019 23:49

فرانسیسی چڑیا گھر میں آنے والے ناخنوں سے گینڈے کی پشت پر نام لکھنے لگے

جنوب مشرقی فرانس کے ایک چڑیا گھر نے  ایسے چند لوگوں حماقت کی مذمت کی ہے، جو گینڈوں کی پشت پر ناخنوں سے اپنا نام لکھتے ہیں۔ حال ہی میں اس چڑیا گھر میں موجود 35 سالہ مادہ گینڈے  کی کمر پر کیملی اور جولین نام لکھے ہوئے پائے گئے، جس کی تصاویر کافی وائرل ہوئی۔
لا پامیرے چڑیا گھر   فرانس کے شہر رویان میں واقع ہے۔ اس چڑیا گھر نے لوگوں کو چند جانوروں کو چھونے کی  اجازت دی ہوئی ہے۔

اس اقدام کا مقصد لوگوں کو قدرت کی بنائی خوبصورتی کو قریب دیکھنے کا موقع فراہم کرنا تھا لیکن چند لوگوں نے اسے اپنی جہالت ظاہر کرنے کا موقع بنا لیا۔
حالیہ کیس میں چند لوگوں نے ایک مادہ  گینڈے پر اس وقت نام لکھے، جب یہ باڑ کے نزدیک آگئی تھی۔اس  کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ساری دنیا سے لوگوں نے  اپنے غم و غصے کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

بہت سے لوگوں نے اسے جانوروں کے ساتھ ظلم قرار دیا۔تاہم چڑیا گھر کے ڈاکٹر نے وضاحت کی ہے کہ گینڈے کی جلد اتنی موٹی اور سخت ہوتی ہے کہ اسے اس طرح ناخنوں سے نام لکھے جانے کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر پائری کائیلی کا کہنا ہے کہ  جانور کا اس کا احساس بھی نہیں ہوا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے گینڈے پر سے نشان فوراً ہی صاف کر دئیے تھے، اس سے جانور کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
چڑیا گھر کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ وہ گینڈے کی پشت پر نام لکھنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرائیں گے  لیکن انہوں نے اس حماقت پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد چڑیا گھر میں نگرانی کے کیمرے نصب کیے جائیں گے لیکن یہ ہر جگہ نہیں ہونگے۔