سعودی عرب میں بنی جدید ترین سکیورٹی کار نمائش کیلئے پیش

چہرے کے تاثرات پڑھنے والی الیکٹرک گاڑی 6 بلٹ ان کیمروں کے ذریعے انسانی رویے کا تعین کرسکتی ہے‘ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ کار خلاف ورزیوں کی نگرانی کرے گی

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 فروری 2024 15:19

سعودی عرب میں بنی جدید ترین سکیورٹی کار نمائش کیلئے پیش
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 فروری 2024ء ) سعودی عرب نے چہرے کے تاثرات پڑھنے والی پہلی سمارٹ سکیورٹی کار نمائش کیلئے پیش کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے عالمی دفاعی نمائش 2024ء میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس پہلی سمارٹ سکیورٹی الیکٹرک گاڑی کی نمائش کی ہے، جو مملکت میں لوسڈ کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ہے، یہ کار مصنوعی ذہانت کے نظام کے ذریعے مختلف خلاف ورزیوں کی نگرانی کرتی ہے، اس میں ایسی ٹیکنالوجیز بھی شامل ہیں جو اسے ٹریفک کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی لائسنس پلیٹوں کی فوری شناخت میں مدد دیتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ گاڑی مطلوب افراد کی شناخت بھی کر سکتی ہے اور اس میں لگے 6 کیمروں کے ذریعے چہرے کے تاثرات پڑھ کر ان کے رویے کا تعین کرتی ہے، کار میں ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور اسے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو بھیجنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جس کے ذریعے سے سکیورٹی کے معیار اور محفوظ ٹریفک کو یقیی بنایا جاسکتا ہے، گاڑی کی چھت پر ایک ڈرون بھی ہے، جو اڑ کر ان جگہوں کی تصویریں کھینچ یا ویڈیو ریکارڈ کر سکتا ہے جہاں کہیں مجرمانہ سرگرمیاں جاری ہوں، شوٹنگ کے واقعے کی صورت میں ڈرون کو براہ راست لانچ کرکے دور سے ہی اس جگہ کی منظر کشی کی جا سکے گی اور مطلوبہ ڈیٹا کا حصول ممکن بن جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ یہ کار ماحول دوست ہے اور شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے شروع کیے گئے سعودی گرین انیشیٹو کا حصہ ہے، مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس یہ الیکٹرک سکیورٹی کار گذشتہ سال دسمبر میں جدہ کے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں کھلنے والی لوسیڈ فیکٹری میں تیار کی گئی ہے، اس کمپنی کے مقاصد میں سالانہ 5 ہزار کاریں تیار کرنا شامل ہے جس کو بتدریج 1 لاکھ 55 ہزار الیکٹرک کاروں کی تیاری تک پہنچایا جائے گا۔