دنیا کے سب سے بڑے ڈینٹل ہسپتال کا ورلڈ ریکارڈ سعودی عرب کے نام

37 ہزار 165.12 مربع میٹر رقبے کے ہسپتال میں طبی، تعلیمی اور تحقیقی شعبے قائم کیے گئے ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 فروری 2024 12:53

دنیا کے سب سے بڑے ڈینٹل ہسپتال کا ورلڈ ریکارڈ سعودی عرب کے نام
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 فروری 2024ء ) سعودی عرب نے دنیا کے سب سے بڑے ڈینٹل ہسپتال کی تعمیر کا ورلد ریکارڈ اپنے نام کرلیا، کنگ سعود یونیورسٹی کے میڈیکل سٹی میں واقع ڈینٹل ہسپتال کا گنیز بک میں نام درج کردیا گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق ڈینٹل ہسپتال کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کا سب سے بڑا ڈینٹل ہسپتال قرار دیا گیا ہے، کنگ سعود یونیورسٹی کے نائب صدر برائے پراجیکٹس ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الصقیر نے شیخ الجامعہ کی نیابت کرتے ہوئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفیکیٹ حاصل کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل سٹی کے ایگزیگٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الہرسی نے کہا کہ کنگ سعود یونیورسٹی کے میڈیکل سٹی کا مقصد طبی سہولیات کی فراہمی میں مسابقت، تعلیمی منصوبوں، میڈیکل ٹریننگ اور سائنسی تحقیق میں معاونت کرنا ہے تاکہ مملکت کے وژن 2030 کے مطابق ترقی کے سفر میں کردار ادا کیا جائے، میڈیکل سٹی میں فراہم کی جانی والی سہولیات، میڈیکل ریسرچ اور پینٹنٹ کے باعث دنیا کے ممتاز طبی مراکز کے مساوی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیکل سٹی کے سٹریٹجک منصوبہ بندی کے ڈائریکٹرڈاکٹر صالح بن عبدالرحمان بن صالح نے اپنے خیالات کے اظہار میں کہا کہ میڈیکل سٹی نے طبی، تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، یہ کامیابی میڈیکل سٹی کے تین تعلیمی ہسپتالوں اور آٹھ سینٹر آف ایکسلینز کے ذریعے حاصل کی گئی، میڈیکل سٹی کے بہترین انفراسٹریکچر اور سہولیات کی فراہمی کے مضبوط نیٹ ورک کا بھی اہم کردار ہے، میڈیکل سٹی کا رواں سال دنیا کے بہترین 250 ہسپتالوں کی فہرست میں 64 واں اور مملکت میں تیسرا بہترین ہسپتال ہونا فخر کا باعث ہے اور یہ کامیابی ہمارے طبی اور تعلیمی سفر میں ایک نئے مرحلے کا آغاز ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ہسپتال کا رقبہ 37 ہزار 165.12 مربع میٹر ہے، ہسپتال میں مختلف نوعیت کے طبی، تعلیمی اور تحقیقی شعبے قائم کیے گئے ہیں۔