ایلون مسک پیچھے رہ گئے‘ ایمازون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین شخص قرار

بھارتی ارب پتی مکیش امبانی 115 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے گیارہویں بڑے دولت مند شخص ہیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 مارچ 2024 13:12

ایلون مسک پیچھے رہ گئے‘ ایمازون کے بانی جیف بیزوز دنیا کے امیر ترین ..
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2024ء ) ایمازون کے بانی جیف بیزوز ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں، آج کل اپنے بیٹے کی شادی کی پرتعیش تقریبات کی وجہ سے خبروں کی زینت بننے والے ایشیاء کے امیر ترین شخص بھارتی ارب پتی مکیش امبانی 115 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے گیارہویں بڑے دولت مند شخص ہیں۔

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال دولت میں 23 ارب ڈالر کے اضافے کے بعد ایمازون کے بانی جیف بیزوز اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں جن کی مجموعی دولت 200 ارب ڈالر ہے جب کہ اسپیس ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے سربراہ ایلون مسک 2024ء میں 31 ارب ڈالر کے نقصان کے بعد 198 ارب ڈالر دولت کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص قرار دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس سے پتا چلا ہے کہ لوئی ویٹون کے سی ای او برنارڈ آرنلٹ 197 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ 179 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ چوتھے امیر ترین شخص ہیں، مائیکرو سافٹ کی بانی بل گیٹس کی دولت 150 ارب ڈالر ہے یوں وہ اس لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ایمازون کے حصص کی قیمت میں اس سال 18 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ٹیسلا کی قیمت میں 24 فیصد کمی آئی ہے، اس ماہ کے شروع میں ایمیزون کے 8.5 بلین ڈالر کے حصص فروخت کرنے کے باوجود بیزوز 9.56 فیصد حصص کے ساتھ ای کامرس کمپنی میں سب سے بڑے شیئر ہولڈر ہیں جب کہ ایلون مسک کا ٹیسلا میں تقریباً 20 فیصد ایکویٹی حصص ہے، جنوری میں ایک امریکی عدالت نے ٹیسلا کے معروف زمانہ کیس میں ایلون مسک کو 55.8 بلین ڈالر جرمانہ کیا تھا۔