نیپون پینٹس ایل ڈی اے ایونیو ون کے سنٹرل پارک میں 100کنال رقبے پر پودے لگائے گی

پیر 2 ستمبر 2019 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ’’آئیں لاہور سرسبز بنائیں‘‘ مہم میں تعاون کرتے ہوئے نیپون پینٹس پاکستان نے ایل ڈی اے ایونیو ون کا سنٹرل پارک اڈاپٹ کر لیا اور سکیم کے سوک سنٹر میں واقع100کنال رقبے کے اس پارک میں ایک ہزار پودے لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ پینٹ کمپنی سکیم کے ایف اور ایچ بلاک کے درمیان واقع سنٹرل پارک میں پودے لگائے گی اور ان کی نگہداشت اور پارک کی دیکھ بھال کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

شجر کاری مہم کا افتتاح وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، نیپون پینٹس کے صدر سید صمد ظہیر اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے کیا۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے کہا کہ درخت ماحول کے ساتھ ساتھ انسان کی روح کو بھی پاکیزگی دیتے ہیں، پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کام کے لئے نجی شعبے کا آگے بڑھناخوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

نیپون پینٹس پاکستان کے صدر سید صمد ظہیرنے کہا کہ ہم اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے شجرکاری مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے عثمان معظم نے کہا کہ پودے لگانا صرف سرکاری محکموں کی نہیں بلکہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے، ہر شہری اپنے حصے کا درخت لگا کر صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کر ے۔ تقریب میں نیپون پینٹ کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ مریم نعیم، ڈائریکٹر ایل ڈی اے فہد انیس، علی بن سہیل ، جہانگیر اقبال اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :