آئی ایم ایف کا آنے والے وفد کا سٹاف سطح کا دورہ ہے جس کاشیڈول بہت پہلے طے ہوچکا تھا

سٹاف لیول کے مشن کو ایس اوایس مشن قرار دیکر مکمل طورپرغلط رائے قائم کی گئی ہے ‘ ترجمان وزارت خزانہ ومحصولات

جمعہ 6 ستمبر 2019 23:20

آئی ایم ایف کا آنے والے وفد کا سٹاف سطح کا دورہ ہے جس کاشیڈول بہت پہلے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2019ء) وزارت خزانہ ومحصولات نے مالی سال 2018-19 کے مالیاتی نتائج کی بنیاد پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان میں ایس اوایس مشن بیجھنے سے متعلق خبر کو قیاس آرائی قرار دیا ہے، خبر میں یہ دعویٰ بھی کیا گیاہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کرے گا۔

وزارت خزانہ ومحصولات کے ترجمان نے جمعہ کویہاں جاری بیان میں دونوں دعووں کو مکمل طور غلط اور زمینی حقائق کے برخلاف قراردیاہے۔ترجمان نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کا آنے والے وفد کا سٹاف سطح کا دورہ ہے جس کاشیڈول بہت پہلے طے ہوچکاتھا، سٹاف لیول کے مشن کو ایس اوایس مشن قرار دیکر مکمل طورپرغلط رائے قائم کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے پروگرام کیلئے دوبارہ مذاکرات کادعویٰ بھی غلط فہمی پرمبنی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے معاونتی پروگرام کے مطابق پالیسیوں کے اطلاق اوراصلاحات میں مکمل طورپرپرعزم ہے،ترجمان نے کہاکہ جس طرح کہ پروگرام کی دستاویزات میں کہاگیاہے، آئی ایم ایف کے معاونتی پروگرام کا سہ ماہی بنیادوں پرجائزہ لیا جائیگا۔اس ضمن میں پہلا جائزہ دسمبر میں ہوگا، ترجمان نے کہاکہ ہمارے تکنیکی ورک پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کی ٹیم ستمبر کے وسط میں 16 سے لیکر20 ستمبر کے درمیان پاکستان کادورہ کرے گی اوریہ معمول کا سٹاف سطح کا دورہ ہے۔

ترجمان نے یہ بات زوردیکر کہی کہ ابتدائی فوری نوعیت کے اقدامات کی وجہ سے معیشیت بالخصوص بیرونی ادائیگیوں کے شعبہ میں اب تیزی سے استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ جاری مالی سال میں اقتصادی بہتری کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کے مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :