بلدیہ کورنگی کے تحت یوم عاشور پر مثالی بلدیاتی انتظامات، اعزادار تنظیموں اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا بلدیہ کورنگی سے اظہار تشکر

ْ

بدھ 11 ستمبر 2019 16:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) بلدیہ کورنگی کی جانب سے یوم عاشور پر شاہ فیصل، ملیر ماڈل، کورنگی اور لانڈھی زون میں مثالی بلدیاتی انتظامات، مساجد و امام بارگاہوں اور ماتمی و تازیہ جلوسوں کے منتظمین اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کا بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا وائس چیئرمین سید احمر علی سے اظہار تشکر کیا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلدیہ کورنگی کی جانب سے یوم عاشور پر ماتمی و تازیہ جلوسوں کے روٹس پر عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلع کورنگی کے چاروں زونز میں عوامی رہنمائی استقبالیہ، سبیل اور ماتمی عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے میڈیکل ایڈ کیمپ قائم کیے گئے جہاں بلدیہ کورنگی محکمہ صحت کا افسران و عملہ عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتا رہا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی ایم این اے اقبال محمد علی خان، ایم پی اے محمد حسین نے ضلع کورنگی کی حدود میں یوم عاشور پر برآمد ہونے والے ماتمی و تازیہ جلوسوں میں شرکت کی اور اعزادار تنظیموں اور جلوسوں وتازیہ کے منتظمین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر منتخب نمائندوں نے بلدیہ کورنگی اور متحدہ قومی موومنٹ کے تحت یوم عاشور پر جلوسوں کے روٹس پر قائم کیے گئے استقبالیہ، سبیل اور میڈیکل ایڈ کیمپ کا دورہ کرکے امدادی کیمپ میں عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر رہنمائوں نے سبیل پر شرکاء جلوس اور عوام کی دودھ کے شربت سے تواضح کی، چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے مختلف زونز میں قائم کیمپوں پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رسول ﷺ امام حسین ؓ اور اُن کے رفقاء نے نانا کے دین کو بچانے کے لیے اپنی جان دین اسلام پر نچھاور کرکے اسلام کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے زندہ و جاوید کردیا، حضرت امام حسین ؓ نے کربلا میں جو قربانی رقم کی وہ تا قیامت زندہ رہے گی۔ چیئرمین سید نیئر رضا نے کہاکہ ہمیں دین اسلام کی صحیح روح پر عمل کرتے ہوئے سیرت محمدی ﷺ کو اپنانا ہوگا اور جب ہم معاشرے کی بہتری اوراپنی روز مرہ زندگی کو بہتر سمت میں ڈھال سکتے ہیں۔