عدالت کا سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار ،کل ذاتی حیثیت میں طلب

بدھ 11 ستمبر 2019 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے نجی سکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آج ( جمعرات) کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیوں نہ سیکرٹری سکولز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈپٹی سیکرٹری سے استفسار کیاکہ کیوں سیکرٹری سکولز دفتر نہیں آئے، عدالت تونوبجے لگتی ہے آپ اب کیاکرنے آئیں ہیں۔ کیا عدالتیں آپ کے دفاتر ہیں جہاں آپ چکردیتے رہیں۔سیکشن سات پرعملدرآمد کے لئے کیا اقدامات کئے جارہے ہیں۔فاضل عدالت نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ اگر کام ہورہے ہوتے تولوگوں کو یہاں نہ آنا پڑتا۔ڈپٹی سیکرٹری سکولز نے موقف اپنایا کہ کنفرم نہیں پتہ کہ سیکرٹری سکولزکہاں ہیں۔پچھلے دنوں سیکرٹری سکولز وزیر اعلی کے ساتھ مسلسل میٹنگز میں مصروف رہے۔آج بھی مصروفیت کی بنا ء پر عدالت پیش نہیںہوئے ۔ عدالت نے سیکرٹری سکولز کو آج جمعرات کے روز ذاتی حیثیت میں طلب ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔