ایشیائی ترقیاتی بنک کی پچاسویں سالانہ شماریاتی رپورٹ جاری کردی گئی

بدھ 11 ستمبر 2019 19:46

ایشیائی ترقیاتی بنک کی پچاسویں سالانہ شماریاتی رپورٹ جاری کردی گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ایشیائی ترقیاتی بنک نے کہاہے کہ 2001ء سے لیکر2015 ء تک کے عرصہ میں انتہائی غربت ( 1.9 ڈالر یومیہ آمدن رکھنے والے شہریوں) میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، 2001ء سے لیکر2015 ء تک کے عرصہ میں انتہائی غربت کی شرح 28.6 فیصد سے کم ہوکر3.9 فیصد ہوگئی ہے۔یہ بات ایشیائی ترقیاتی بنک کی پچاسویں سالانہ شماریاتی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔

اس رپورٹ میں ایشیاء اوربحرالکاہل کے خطہ کے ممالک کے کلیدی اشاریوں کا احاطہ کیا کیاہے۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ پاکستان کے قومی پاورٹی لائن کی بنیادپرغربت کی شرح جو 2001ء میں 64.3 فیصد تھی ، 2015 میں کم ہوکر24.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔شہری علاقوں میں 2001 ء میں غربت کی شرح 50 فیصد تھی جو 2015 ء میں 12.5 فیصد ریکارڈ کی گئی، دیہی علاقوں میں 2001 ء میں غربت کی شرح 70 فیصد تھی، 2015 ء میں دیہی علاقوں میں غربت کی شرح 70 فیصد سے کم ہوکر30 فیصد ہوگئی۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کے مطابق ایشیائی ممالک میں 2002 میں انتہائی غربت کے شکارافراد کی تعداد 1.1 ارب تھی تاہم 2015 ء میں ایشیائی ممالک کے انتہائی غریب شہریوں کی تعداد264 ملین ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق عالمی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں ایشیاء کا حصہ 2000 ء میں 23 فیصد تھا تاہم 2018ء میں عالمی برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں ایشیاء کا حصہ بڑھ کر30.2 فیصد ہوگیاہے۔