بھارت نے چندریان2 کی ناکامی کے بعد چندریان3 چاند پر بھیجنے کا اعلان کر دیا

ہم چندریان کا تیسرا مشن چاند پر بھیجیں گے اگر وہ بھی کامیاب نہ ہوا تو چوتھا بھیجیں گے: بھارتی سائنسدان گوہر رضا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 11 ستمبر 2019 23:28

بھارت نے چندریان2 کی ناکامی کے بعد چندریان3 چاند پر بھیجنے کا اعلان ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11ستمبر2019ء) بھارت نے چندریان2 کی ناکامی کے بعد چندریان3 چاند پر بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی سائنسدان گوہر رضا نے کہا ہے کہ ہم ناکامی کا لفظ استعمال کرنا نہیں چاہتے کیونکہ سائنس میں ناکام ہونا نہیں ہوتا ہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان عزائم کو صدمہ پہنچا ہے لیکن ہم ناکام نہیں ہوئے۔ ہم چندریان کا تیسرا مشن بھیجیں گے جس میں شاید ابھی ایک دو سال کا وقت لگے اور اگر اس میں کامیابی نہ ملی تو چوتھا مشن بھیجیں گے۔

بھارتی سائنسدان نے کہا کہ چندریان 2 مشن کو ابھی کامیاب یا ناکام مشن نہیں کہا جا سکتا کیونکہ بھارت کا آربیٹر کامیابی سے چاند کے مدار میں اپنا کام کر رہا ہے۔ اسے ایک سال تک کام کرنے کے لیے روانہ کیا گیا تھا لیکن ایندھن کی وافر مقدار کی وجہ سے یہ تقریباً ساڑھے سات سال تک کام کر سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں جو تجربات ہوتے ہیں اس سے کسی ایک ملک کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچتا ہے کیونکہ وہ ایک دوسرے سے اپنے ڈیٹا شیئر کرتے ہیں۔

گوہر رضا نے بتایا کہ اگر چہ لینڈر کی چاند پر زندگی محض 14 دن ہے تاہم ابھی امید ختم نہیں ہوئی ہے جبکہ گوہر رضا نے بی بی سی کو بتایا کہ 'اب لینڈر سے رابطے کا قائم ہونا کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارتی ماہرین چاند کی سطح پر لینڈنگ کی کوشش کرنے والے روبوٹک خلائی جہاز وکرم سے رابطہ کھو بیٹھے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چاند پر پہنچنے کا منصوبہ بالکل درست سمت کی جانب جا رہا تھا کہ عین لینڈنگ کے وقت اور چاند کی سطح سے محض 2 کلو میٹر کی دوری پر خلائی جہاز کا کنٹرول پینل سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا ۔

چاند پر لینڈنگ کا منظر دیکھنے کے لئے بھارتی وزیراعظم مودی بھی سپیس ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں تھے ، جب انہیں بتایا گیا کہ سگنل منقطع ہوگیا ہے تو چاند مشن ناکام ہونے پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مایوسی میں وہاں سے اُٹھ کر چلے گئے تھے۔