پنجاب یونیورسٹی کا ایک اور اعزاز، ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی

جمعرات ستمبر 21:59

لاہور۔12 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ کرنے والے عالمی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی حالیہ رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی مرتبہ پاکستان میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دنیا بھر کی یونیورسٹیوں کی نئی رینکنگ میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے پنجاب یونیورسٹی کو پاکستان میں تیسرے نمبر پر بہترین یونیورسٹی قرار دیا ہے جبکہ عالمی جامعات کی فہرست میں پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی 800 سے ایک ہزار بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے۔

اس شاندار کامیابی پر پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری ، سیکرٹری آسا جاوید سمیع اور دیگر نے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کو مبارکباد دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی بدولت پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ شاندار کامیابی پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی تحقیق دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے باعث پنجاب یونیورسٹی میں تحقیق کا کلچر پروان چڑھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے یونیورسٹی کے اساتذہ کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے یونیورسٹی کی رینکنگ بہتر بنانے کے لئے ڈائریکٹر پی یو رینکنگ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی کاشوں کو سراہا ہے۔