آج بھی معاشرے کی اصلاح کے لئے مسجد و منبر رسولؐ بہترین فورم ہے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

جمعرات 12 ستمبر 2019 22:02

آج بھی معاشرے کی اصلاح کے لئے مسجد و منبر رسولؐ بہترین فورم ہے،صدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام میں مسجد کی اہمیت اور بالخصوص سماجی مسائل کے حل کے لئے منبر کے موثر استعمال کو بروئے کار لانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد صرف پانچ وقت نماز کی ادائیگی کا مقام ہی نہیں بلکہ اسے سماج میں افراد کی اصلاح و تربیت اوراصلاح باطن و تزکیہ نفس کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، اس کی زندہ مثال خود مسجد نبویؐ ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھی معاشرے کی اصلاح کے لئے مسجد و منبر رسولؐ بہترین فورم ہے۔علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھیں اور معاشرتی اور سماجی برائیوں کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ مسجد کے منبر کے مؤثر استعمال کے ذریعے عورتوں کے وراثتی حقوق، طہارت اور صفائی،آبی تحفظ،ماحول اور شجرکاری اور انسانی صحت کے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کریں۔