باکسر محمد وسیم کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو بھرپور استقبال کیلئے کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا ، ٹیکسی پر روانہ ہونا پڑ گیا

ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان میں ورلڈ ٹائٹل میچ کے لیے کوشش کررہا ہوں، محمد وسیم کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 15 ستمبر 2019 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پاکستانی باکسر محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو بھرپور استقبال کیلئے کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا ، ٹیکسی پر روانہ ہونا پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

انہوں نے اپنی کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔

(جاری ہے)

محمد وسیم کامیابی کے بعد وطن واپس آئے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کیلئے کوئی حکومتی نمائندہ ہی نہیں پہنچا اور محمد وسیم نجی کمپنی کی ٹیکسی سروس پر روانہ ہوئے۔ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ میں نے وطن عزیز اور قوم کے لیے محنت کی ہے، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان میں ورلڈ ٹائٹل میچ کے لیے کوشش کررہا ہوں۔