ڈومیسٹک کرکٹ میں کن کشن قانون کے استعمال کا پہلا واقعہ

سنٹرل پنجاب کے عثمان صلاح گردن پر گیند لگنے کے باعث میچ سے دستبردار، محمد سعد بطور متبادل ٹیم میں شامل

اتوار 15 ستمبر 2019 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین قائداعظم ٹرافی کے میچ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔سدرن پنجاب کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری میچ کے پہلے روز عثمان صلاح الدین کو فیلڈنگ کے دوران گردن پر گیند لگ گیا تھا۔سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم نے میچ کے بقیہ حصے کے لیے عثمان صلاح الدین کی جگہ دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد سعد کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

محمد سعد کو میچ میں باؤلنگ کرانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ میں کن کشن قانون متعارف ہونے کے بعد اس کے استعمال کا یہ پہلا واقعہ ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری میچ کے پہلے روز عثمان صلاح الدین شارٹ لیگ کی پوزیشن پر فیلڈنگ کررہے تھے کہ بیٹسمین کی جانب سے کھیلا گیا ایک شاٹ ان کی گردن پر لگا۔ شاٹ سدرن پنجاب کے بیٹسمین سمیع اسلم کی جانب سے کھیلا گیا۔ٹیم اور وینیو ڈاکٹر کے مطابق عثمان صلاح الدین گردن پر گیند لگنے کے بعد درد محسوس کررہے تھے۔ عثمان صلاح الدین نے سر میں درد اور آنکھوں میں دھندلے پن کی شکایت بھی کی تھی۔