تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

غریب کےلیے روٹی مہنگی کردی گئی ، وہ کیسے گزارا کریں، بجلی، گیس، روٹی کیوں مہنگی کردی گئی؟ وزیرخزانہ کو بلائیں ہم ان سے وضاحت لیں گے غریب پر ایسا ظلم کیوں کررہےہیں؟ کوئی ہم سے کہے کہ خاموش رہیں خدا کی قسم چپ نہیں رہیں گے ، ایسی دس سیٹیں قربان کر دیں گے: قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خیالات کا اظہار

muhammad ali محمد علی پیر 16 ستمبر 2019 20:33

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 ستمبر2019ء) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی حکومت پر برس پڑے، قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غریب کےلیے روٹی مہنگی کردی گئی ، وہ کیسے گزارا کریں، بجلی، گیس، روٹی کیوں مہنگی کردی گئی؟ وزیرخزانہ کو بلائیں ہم ان سے وضاحت لیں گے غریب پر ایسا ظلم کیوں کررہےہیں؟ کوئی ہم سے کہے کہ خاموش رہیں خدا کی قسم چپ نہیں رہیں گے ، ایسی دس سیٹیں قربان کر دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی جماعت کی حکومت پر برس پڑے ہیں۔ پیر کے روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نور عالم خان نے حکومت کو معاشی پالیسیوں پر ٹھیک ٹھاک تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

نور عالم خان نے اپنی بات کا آغاز اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اسپیکر صاحب بیک بینچرزکو بھی موقع دیا کریں ہم فرنٹ بینچز کی باتیں سننے کیلیے نہیں آتے۔

نور عالم خان نے کہا کہ غریب کاشت کاروں کی بات کوئی نہیں کرتا ۔ غریب کےلیے روٹی مہنگی کردی گئی ، وہ کیسے گزارا کریں۔ وزیرخزانہ کو بلائیں ہم ان سے وضاحت لیں گے غریب پر ایسا ظلم کیوں کررہےہیں؟ کوئی ہم سے کہے کہ خاموش رہیں خدا کی قسم چپ نہیں رہیں گے بلکہ ایسی دس سیٹیں قربان کر دیں گے۔ کھاد200 روپے مہنگی ہوگئی۔ بجلی، گیس، روٹی کیوں مہنگی کردی گئی؟ یہاں چینی والے صنعتکاروں کیلیے آواز اٹھائی جاتی ہے، غریب کیلیے کیوں نہیں؟ وزیر خزانہ کو بلائیں ان سے پوچھیں گے کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ ہوا۔

نور عالم خان نے احتساب کے عمل پر بھی سوال کرتے ہوئے کہا کہ احتساب صحیح کریں بےشک 50 سال پرانے کھاتوں سے کریں۔ دو تین لوگوں کااحتساب کرنا ہے تو اس احتساب کو بندکردیں۔ واضح رہے کہ نور عالم پیپلز پارٹی کو خیرباد کہہ کر تحریک انصاف کا حصہ بنے تھے۔ تاہم تحریک انصاف کی وفاقی حکومت میں نور عالم خان کو کسی عہدے سے نہیں نوازا گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کوئی اہم عہدہ نہ ملنے کے باعث نور عالم خان اپنی جماعت کی قیادت سے نالاں ہیں۔