سکھر شہر بنیادی مسائل کے حوالے سے مکمل تباہ ہوچکا ہے، ایس ڈی اے کے چیئر مین و دیگر کے پریس کانفرنس

بدھ 18 ستمبر 2019 00:06

سکھر۔17ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2019ء) سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سکھر شہر بنیادی مسائل کے حوالے سے مکمل تباہ ہوچکا ہے، آئے دن ڈرینج کا نظام تباہ و برباد ہو جاتا ہے شہر کا کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں گندگی کے ڈھیر نہ ہوں۔ میئر سکھر سب اچھا کا نعرہ لگا کر اپنے دل کو خوش کرتے ہیں۔

سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہیگی، سکھر کے بڑھتے ہوئے مسائل کے خلاف ایس ڈی اے کی جانب سے 22 ستمبر کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا عبیداللہ بھٹو،مشرف محمود قادری، غلام مصطفی پھلپوٹو، رضوان قادری، شاہ محمد انڈھڑ، اشفاق بھٹی، ظہیر حسین بھٹی، ڈاکٹر سعید اعوان،عبدالباری انصاری، محمد منیر میمن، آغا محمد اکرم درانی، طارق میرانی، سید ماجد شاہ، محمد اکرم، حسن شہید، شوکت آرائیں ، آغا طاہر مغل،امداد جھنڈیرراشد صدیقی، و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزیدکہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سکھر کے بنیادی مسائل کے حوالے سے بھرپور عوام کی طاقت سے احتجاجی تحریک چلائی جائے۔ سکھر کا میڈیا ایک آزاد میڈیا ہے انہوں نے ہمیشہ سکھر کے بنیادی مسائل کو اچھے انداز میں اجاگر کیا ہے، لیکن افسوس کہ سکھر کے منتخب نمائندے عوام سے ووٹ اس وعدے پر لیتے ہیں کہ ہم سکھر کو پیرس بنادینگے لیکن پیرس تو دور کی بات سکھر پرانی حالت پر بھی نظر نہیں آرہا اور پورا شہر کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے۔

6یوسیوں کا نظام کروڑوں روپے کے عیوض نجی کمپنی کو دیکر کرپشن کا نیا باب کھول دیا گیا ہے عوام اپنے یوسی کے منتخب نمائندوںکے پاس جاتے ہیں تو ان کے ان کے منتخب نمائندوں کا یہ ہی جواب ہوتا ہے کہ اب صفائی کا نظام نجی کمپنی کے حوالے ہے ہمارے بس میں نہیں ہے۔ عوام جائے تو جائے کہاں سکھر شہر کا صفائی، صحت، تعلیم کا نظام مکمل طور پر تباہی کے دھانے پر ہے۔