دی سٹریم سکول کورنگی کے تحت یوم دفاع پاکستان کی تقریب

بدھ 18 ستمبر 2019 16:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2019ء) پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے وطن کے تحفظ، سلامتی اور ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے ہماری افواج کے بہادر جانبازوں نے اپنی جان نچھاور کردی ہم اپنے اُن بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر پرویز ہارون نے دی سٹریم سکول کورنگی کے تحت منعقدہ یوم دفاع پاکستان کی پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے ایڈمنسٹریٹر افتخار، معروف جرنلسٹ لیاقت کشمیری، پرنسپل نازش افتخار، پی ٹی آئی کے رہنماء عمران یونس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سکول کے طلباء و طالبات نے یوم دفاع کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کئے۔ایسوسی ایشن کے صدر پرویز ہارون نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ فروغ علم میں نجی سکول مثالی کردار ادا کررہے ہیں، کورنگی جیسے مضافاتی علاقے میں دی سٹریم سکول نے مثالی تعلیم سٹینڈرڈ قائم کیا،یقینا دی سٹریم سکول کا شمار کورنگی کے بہترین سکولوں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں معروف جرنلسٹ لیاقت کشمیری نے کہا کہ ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے، ہمارا وطن عظیم جدو جہد اور قربانیوں کی وجہ سے وجود میں آیا، دفاع وطن کے لئے ہماری افواج کے بہادر سپوتوں نے اپنی جان وطن پر نچھاور کردی مگر وطن پر آنچ نہ آنے دیی ہم اپنے وطن کے عظیم جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سکول کے طلباء و طالبات نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور کشمیری عوام پر بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی پر زور مذمت کی۔