مصری پولیس سے دو جھڑپوں میں نومشتبہ جنگجو ہلاک

جنگجو ایک انقلابی بریگیڈ کے ارکان تھے،یہ گروپ کالعدم الاخوان المسلمون سے الگ ہوگیا تھا،وزارت داخلہ

جمعرات 19 ستمبر 2019 15:30

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پولیس نے دو جھڑپوں میں نو مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا ہے۔ میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ مصر کی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق ان مہلوکین کا کالعدم مذہبی سیاسی جماعت الاخوان المسلمون سے وابستہ ایک جنگجو گروپ سے تعلق تھا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ جنگجو ایک انقلابی بریگیڈ کے ارکان تھے۔

یہ گروپ کالعدم الاخوان المسلمون سے الگ ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

اس نے مسلح کارروائیاں شروع کردی تھیں اور ماضی میں سکیورٹی فورسز کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔پولیس اور ان مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان قاہرہ کے شمال مشرقی علاقے اوبور میں ایک جھڑپ ہوئی ہے اور ایک جھڑپ جنوبی علاقے پندرہ مئی سٹی میں ہوئی ہے۔وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جب پولیس اہلکار انھیں گرفتار کرنے کے لیے ان کے خفیہ ٹھکانوں پر پہنچے تھے تو انھوں نے فائرنگ شروع کردی تھی اور پولیس کی جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں۔ان کے خفیہ ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔