صنعت زار سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں انسداد ڈینگی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) : ضلع میں انسداد ڈینگی کی جاری مہم کے سلسلے میں صنعت زار سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں انسداد ڈینگی سیمینار منعقد ہوا جس میں ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی شفیق احمد آصف نے ڈینگی سے بچائو کے احتیاطی وانسدادی اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ایک سماجی مسئلہ ہے اور مشترکہ کاوشوں سے اس سے بچائو ممکن ہے۔

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ گھروں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں کیونکہ موسمی درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث ڈینگی لاروا اب ان ڈور میں پرورش پاسکتا ہے جس کی روک تھام کے لئے ماحول کا صاف ستھرا ہونا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے سرویلنس سرگرمیاں متواتر جاری ہیں تاہم شہریوں کو بھی اس مہم میں اپنا جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

مینجر صنعت زار محمد سلیم بلندیانے انسداد ڈینگی سیمینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ادارہ میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں سیمینارز،واکس اور دیگر پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کئے جاتے ہیں جن کا مقصد طالبات میںڈینگی کے نقصانات اور اس سے بچائو کا احساس برقرار رہے۔اینٹامالوجسٹس خرم اعظم اور ساجد تبسم نے ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کے مقامات اور ان کے صفایا کے طریقوں اور سرویلنس کے بارے میں آگاہ کیا ۔اس موقع پر طالبات نے ڈینگی لاروا کے انسداداور احتیاطی تدابیرپر عمل پیرا ہونے کے حوالے سے بعض سوالات بھی کئے جن کے ماہرین نے مفصل جوابات دئیے ۔

متعلقہ عنوان :