تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار

حادثے میں جمشید ملک کی 15 سالہ بیٹی فاطمہ ملک شدید زخمی ہوئی تھی، جس کا اسپتال میں علاج جاری ہے

منگل 7 مئی 2024 17:21

تیز رفتار ویگو کی دوسری گاڑی کو ہولناک ٹکر، ڈرائیو اور مالک گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) شہر قائد میں کلفٹن بلاک 2 سیمنٹ ٹاور کے قریب تیز رفتار ویگو گاڑی کی ٹکر سے کار سوار شخص جاں بحق اور ان کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی تھی، پولیس نے ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ساتھ پولیس نے بتایاکہ بوٹ بیسن میں گزشتہ روز پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور شبیر اور گاڑی کے مالک سجاد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا۔

واقعے کا مقدمہ حادثے میں جاں بحق شخص کیپٹن جمشید ملک کی اہلیہ نازیہ ناہید کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں درج کیا گیا ہے، حادثے میں جمشید ملک کی 15 سالہ بیٹی فاطمہ ملک شدید زخمی ہوئی تھی، جس کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق یہ واقعہ تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا، مدعی مقدمہ نے کہا میرے شوہر اپنی بیٹی فاطمہ ملک کو فیز 8 میں اسکول سے لے کر آ رہے تھے، کہ دوسری گاڑی نے آ کر ٹکر مار دی، حادثے میں کیپٹن جمشید ملک شدید زخمی ہوئے جو نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، جب کہ میری بیٹی شدید زخمی ہے اور نجی اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کراچی کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے حادثے کے بعد چند منٹ کے اندر ہی موقع پر پہنچ کر ویگو گاڑی پر سوار دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔موقع سے ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار سوار زخمی شخص اسی روڈ پر یو ٹرن لے رہا تھا، جس پر دوسری جانب سے ایک سفید ویگو گاڑی تیز رفتاری سے چلی آ رہی تھی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شبیر سمیع ولد عبدالسمیع اور سجاد ولد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جب کہ ملزمان کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔