ملک میں آن لائن ٹیکسی سروس میں ایک نئی کمپنی کے اضافہ، پہلے سے موجود کمپنیوں کو کاروبار کے حصول میں چیلنج کا سامنا

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ملک میں آن لائن ٹیکسی سروس میں ایک نئی کمپنی کے اضافہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے خصوصی رعایت کے اعلان کی وجہ سے اس شعبہ میں موجود پہلے سے کمپنیوں کو کاروبار کے حصول میں چیلنج کا سامنا ہے۔ نئی ٹیکسی سروس براق نے اپنے ٹیکسی ڈرائیورز (کیپٹن) کے لئے بھی مراعات کا اعلان کیا ہے جس سے اس کے کاروبار اور طلب میں اضافہ ہو اہے۔

نئی آن لائن ٹیکسی سروس کے میڈیا منیجر احسان اللہ نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کیپٹنز (ڈرائیورز) کو 97 فیصد رائیڈز میں شیئر دے رہے ہیں جبکہ اس سے پہلے دیگر کمپنیاں اپنے ڈرائیورز کو 65 سے 70 فیصد تک دے رہی تھیں جس کے علاوہ ہم طلباء، اساتذہ، ڈاکٹرز، سرکاری ملازمین، بزرگ شہریوں، وکلاء، صحافیوں اور سیکورٹی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو 10 فیصد خصوصی مراعات بھی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد اور اپنے ٹیکسی ڈرائیورز کی مکمل جانچ پڑتال ہمارے لئے بنیادی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی کمپنی کا آغاز کرنے سے پہلے سروے کرایا تاکہ پہلے موجود کمپنیوں پر عوام کے عدم اعتماد کی وجوہات کے علاوہ نئی کمپنی سے عوام کی کیا توقعات ہیں، اس بارے میں بھی ان کی رائے لی جائے اور اس کے مطابق اپنی ترجیحات طے کی جائیں، اس سلسلے میں ڈرائیورز کی نگرانی کا نظام بہت بہتر اور سخت کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے ایک ایپ بنائی گئی ہے۔

ڈرائیورز کی ٹریننگ کا پروگرام بنایا گیا جبکہ ان کے تحفظ اور ان کے خاندان کو مختلف سہولتوں تعلیم، صحت اور ہنگامی مالی امداد کے لئے ایک کلب بھی بنایا گیا ہے۔ کیب سروس استعمال کرنے والے ایک شہری جبران علی کے مطابق بعض کمپنیوں کی طرف سے کرایوں میں اضافہ، جعل سازی کے ذریعے وقت اور فاصلے کی شکایات عام ہیں اور اگر یہ شکایت کی جائے تو نہ صرف آن لائن کیب سروس انتظامیہ اسے تسلیم کرتی ہے بلکہ اضافی رقم بھی واپس کر دی جاتی ہے لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کہ جعل سازی کرنے والے کیپٹن کے خلاف کیا کارروائی ہوئی، اس پر کتنا جرمانہ ہوا یا آئندہ اس سلسلے کی روک تھام کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔