ڈینگی سے متعلق تشویش کے پیش نظر سہالہ کے نواحی گاؤں جنڈالہ میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

فری میڈیکل کیمپ گرلزاسکول، جاپان روڈ جھنڈالہ وارڈ نمبر 6، یوسی 14 سہالہ میں 21 ستمبر دن 3 بجے تا شام تک رہے گا

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2019ء) ڈینگی سے متعلق پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر سہالہ کے نواحی گاؤں جنڈالہ میں اسلام آباد ضلعی انتظامیہ اور مقامی رفاعی ادارے کے اشتراک سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔فری میڈیکل کیمپ گرلزاسکول، جاپان روڈ جھنڈالہ وارڈ نمبر 6، یوسی 14 سہالہ میں مورخہ 21 ستمبر 2019 بروز ہفتہ دن 3 بجے تا شام تک رہے گا جس میں ہر عام مرض کا مفت علاج کیا جائے گا۔

فری میڈیکل کیمپ میں نہ صرف مفت تشخیص اور ادویات کی سہولت موجود ہوگی بلکہ عوام کو ڈینگی کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔مذکورہ گاؤں میں گو کہ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد زیادہ نہیں لیکن معمولی کھانسی ، بخار یا زکام میں مبتلا افراد بھی ڈینگی کے حوالے سے تشویش کا شکار تھے جس کے پیش نظر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ کا سب سے بہتر حل یہ ہے کہ گھر کے اندر اور باہر صفائی مچھروں کی افزائش کی جگہوں کو ختم کریں، پرانے ٹائر اور بوتلوں کو ہٹائیں، اور پانی کے کھلے کنٹینرز کو ڈھانپ کر رکھیں۔ ڈینگی کی افزائش کی ممکنہ جگہوں ٹائر شاپس، سروس اسٹیشن، پانی کے کھلے پائپ اورکھلے نالے وغیرہ کے مالکان یا ذمے داروں کومتنبہ کیا گیا ہے کہ مچھروں کی افزائش نسل کو روکنے کے لیے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، بہ صورتِ دیگر انہیں قانون کی خلاف ورزی پر سزا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :