جمعیت برادران دہلی کے نئے عہدیداروں نے حلف اُٹھالیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) فلاحی تنظیم جمعیت برادران دہلی(رجسٹرڈ)کے زیراہتمام حلف برداری اورنئے عہدیداران کا چناؤ برائے 2019تا2022کے لئے دہلی ہاؤس،نارتھ کراچی میں تقریب منعقد ہوئی ۔الیکشن کمشنرجناب محمدجلیل قریشی سے حلف لینے والے جمعیت کے اراکین،محمدصادق دہلوی،حافظ مشیراحمد،محمدعاقل دہلوی،ڈاکٹرمعین قریشی،شاہد قریشی،محمدعادل،حافظ محمدعابد،شیخ محمدجاوید،سراج الدین، حافظ مسعوداحمدقریشی،طارق عبدالقادر،حافظ جوادشامل تھے۔

منتخب صدرجمعیت محمدصادق دہلوی نے تقریب حلف برداری کے بعدمنتخب اراکین وعہدیداروںکو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کی جائے۔ہرشخص کو اپنی حیثیت کے مطابق انسانیت کی بھلائی کے کام کرتے رہناچاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعیت کے اغراض ومقاصدبیان کئے ،فلاح وبہبودکے کاموں میں تفصیلی روشنی ڈالی بتایاکہ جمعیت کے تحت مدرسہ ،ڈائیلاسس سینٹر ،اسکول ودیگر سماجی اداروں کے اشتراک سے صحت کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں،جمعیت کے تحت فری میڈیکل کیمپس بھی لگائے جاتے ہیں،غریبوں میں راشن،مالی امداد،مستحق بچوں میں تعلیمی وظیفہ ودیگر انسانی خدمت کے کام کئے جارہے ہیں۔

جمعیت برداران دہلی کوقائم ہوئے 40سال سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے۔ہماراادارہ دن دُگنی،رات چگنی ترقی وخوشحالی کے زینے چڑھ رہاہے۔جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ہردورمیں ایمان دار،دیانت دار،ادارے سے محبت کرنے والے لوگ موجودرہے۔یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ آج بھی ہمارے پاس ایسے ہی لوگ موجودہیں ۔انہوںنے امیدظاہرکی کہ منتخب اراکین جمعیت کے تحت چلنے والے فلاحی وسماجی کاموں کو عوام میں موثر طریقے سے اُجاگرکرنے میں اپنی توانائی صرف کریںگے۔

غریب، مستحق،پریشان حال لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیداکرنے کے لئے نئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بنانے میں عملی کرداراداکریں گے ۔انہوںنے جمعیت کی ممبرسازی مہم چلانے کی بھی اپیل کی۔ تقریب میں جمعیت کے مرحوم اراکین کی مغفرت کی دعاکی گئی اور آخرمیں ضیافت کابھی اہتمام کیاگیاتھا۔