ضلع بہاولنگر کی تمام تحصیلوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون

جمعہ 20 ستمبر 2019 16:50

چشتیاں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون نے کہا ہے کہ ضلع بہاولنگر کی چار تحصیلوں میں 83فیصدجبکہ پانچویں تحصیل ہارون آباد میں 100فیصد زیر زمین پانی کڑوا ہے اور ضلع بھر میں نئی واٹر سپلائی سکیموں اور غیر فعال سکیموں کو چالو کرنے کیلئے 61کروڑروپئے سے زائد رقم کے فنڈز درکار ہونگے۔ضلع بہاولنگر میں ڈینگی مچھروں و لاروا کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے مختلف اجلاسوں کے دوران ضلع و تحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے حکومت خصوصی اقدامات عمل میں لارہی ہے اور آب پاک اتھارٹی کا مقصد لوگوں کو صاف پانی کی سہولتوں میں اضافہ ہے۔انہوں نے انسداد ڈینگی کی آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی سی سپروائزر اور سیکرٹری یونین کونسل اور افسران ٹریننگ کے باوجود کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کریں گے انکے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یونین کونسلوں کے سیکرٹری حضرات کو بھی ڈینگی کے لاروے کی نشاندہی کے طریقہ کار اور اس کے خاتمے اور روزانہ کی بنیاد پر اینڈرائیڈ ایپلی کیشن کے ذریعے رپورٹنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق بہاولنگر،منچن آباد،چشتیاں،ہارون آباد،فورٹ عباس و دیگر قصبات کو درختوں سے خوبصورت اور سرسبز بنائیں گے۔متذکرہ تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں و ضلع کونسل کے افسران کو چاہیئے کہ وہ پودوں کی نگہداشت کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ،ضلعی صدر تحریک انصاف ملک مظفر خاں و دیگر افسران نے شرکت کی۔