انسداد ڈینگی سے وابستہ محکموں کی جدید اور سائنسی طریقوں سے آگہی ناگزیر ہے ،کمشنر فیصل آباد

پیر 23 ستمبر 2019 13:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد محمود جاوید بھٹی نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات اورماحولیاتی تبدیلیوں کے مطابق احتیاطی وحفاظتی تدابیر پرعملدرآمد کرکے ڈینگی کے چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے تاہم اس سلسلہ میں انسداد ڈینگی سے وابستہ محکموں کی جدید اور سائنسی طریقوں سے آگہی ناگزیر ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ مختلف شہروں میں ڈینگی کے پھیلائو کے باعث حکومت اس ضمن میں بے حد سنجیدہ ہے لہٰذا تمام متعلقہ محکموں پر واضح کر دیا گیا ہے کہ ڈینگی لاروا کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدائت کی کہ انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں حفاظتی وانسدادی اقدامات کے دوران حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کویقینی بنایا جائے اور محکمہ صحت کے منظور شدہ کیمیکلز مطلوبہ تناسب میں ان کی اجازت کے بغیر استعمال نہ کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی میراتھن کی طرح ہے جسکے خلاف احتیاطی وحفاظتی تدابیر میں معمولی سی سستی کی بھی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں اورموسمی درجہ حرارت میں تبدیلی کے باعث ڈینگی کی پیدائش کے خطرات موجود رہتے ہیں جس سے بچائو کیلئے حکومتی اقدامات کے ساتھ عوامی تعاون بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژن میں انسداد ڈینگی مہم پر بھرپور انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور عوامی آگہی کے ساتھ ڈینگی افزائش کا موجب بننے والوں میں احساس ذمہ داری کیلئے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ڈینگی سے بچائو کیلئے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے ڈینگی کے نقصانات اور حفاظتی تدابیر پر مبنی مضامین سلیبس کا حصہ بنانے اور ’’صفائی کویقینی بنائو ڈینگی مکائو‘‘ کی تحریر کوپن پرپرنٹ کراکر طالب علموںمیں تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوں نے سرکاری دفاترمیں بھی فوری طور پر ڈینگی سرویلنس کویقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔