زرعی یونیورسٹی کو ملک کا سرسبزترین ادارہ بنانے کیلئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے ، پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف

منگل 1 اکتوبر 2019 19:17

فیصل آباد ۔ یکم اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2019ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سیکورٹی ونگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ کیمپس کو ملک کا سرسبزترین ادارہ بنانے کیلئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ کے زیراہتمام گرین کیمپس فار گرین پاکستان مہم اور سیکورٹی ونگ میں جدید رجحانات متعارف کروانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

نیو سینٹ ہال میں منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طو رپر خطاب میں ڈاکٹر محمد اشرف نے کہا کہ ڈاکٹر قمر بلال کی قیادت میں سیکورٹی اور گارڈننگ ونگ کی ٹیموں نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جس خوشگوار تبدیلی سے یونیورسٹی کو ہمکنار کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چند ماہ پہلے تک یونیورسٹی کی گزرگاہوں اور گرین بیلٹس کی حالت انتہائی خراب تھی جسے نئی خوبصورتیوں سے ہمکنار کرتے ہوئے پرکشش اور جاذب نظر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں ملتان زرعی یونیورسٹی اور سائنس فائونڈیشن کے سربراہ کے طو رپر گرین بیلٹس اور ادارہ جاتی آئوٹ لک کو نئے پیرہن عطاء کئے جسے کمیونٹی آج بھی یاد کرتی ہے لہٰذا وہ چاہیں گے کہ زرعی یونیورسٹی کو ملک کی خوبصورت ترین جامعہ کا اعزاز دلوانے میں وہ اپناکردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے اقامتی ہاسٹلوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے وہ تمام وسائل فراہم کریں گے اور یونیورسٹی کو تعلیم و تحقیق میں دنیا کی 500بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے ایڈہاک ملازمین پر واضح کیا کہ انتظامیہ ان کے مسائل کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور مشکلات کے باوجود انہیں مستقل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ اگر وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری ‘ خوداحتسابی اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں گے تو اللہ تعالیٰ راستے کی تمام مشکلات کوختم کرکے معاملات میں آسانیاں پیدا فرمائے گا۔

ان سے پہلے پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن پروفیسرڈاکٹر قمر بلال نے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ مختصر عرصہ کے دوران یونیورسٹی کی گزرگاہوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی ونگ کو 10لاکھ روپے عطیہ سے نئی یونیفارم مہیا کی ہیں جبکہ گرین کیمپس مہم کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے کے عطیہ سے نئے پودے لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران کیمپس پر 15ہزار پودے لگاجا چکے ہیں اور اس تعداد کو ایک لاکھ تک بڑھانے کے آرزومند ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسٹیٹ مینجمنٹ اور انجینئرنگ و کنسٹرکشن میں مائنڈسیٹ تبدیل کررہے ہیں اورچاہتے ہیں کہ سروسز کے حوالے سے ای سی ڈی کو ریسکیو 1122کی طرز پر جبکہ سیکورٹی اور گارڈننگ ونگز کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے۔

اس موقع پر وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف نے پرنسپل آفیسر ڈاکٹر قمر بلال ‘سیکورٹی آفیسرمیجر ناصراور انچارج گارڈننگ ونگ ڈاکٹر عدنان یونس کے ہمراہ نے نئی یونیفارم میں ملبوس سیکورٹی سٹاف کے مارچ پاسٹ میں شرکت کے ساتھ ساتھ کلاک ٹاور کے پہلو میں شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔تقریب میں معین گوہر ‘ میاں امتیاز احمد‘ چوہدری زاہد اور مسٹر رشیداحمد نے خصوصی طو رپر شرکت کی۔