وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سیپ اساتذہ کو جلد مستقل کرنے کی ہدایت،مختلف محکموں کے پراجیکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری

جمعہ 4 اکتوبر 2019 13:24

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی زیرصدارت صوبائی کابینہ ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا 19واں اجلاس منعقد ہوا، وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے سیپ اساتذہ کو جلد مستقل کرنے کی ہدایت کر دی، کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی،ریسکیو 1122 ، سیف سٹی،بارڈر پاس ، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گلگت بلتستان کے پراجیکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری کابینہ نے متفقہ طور پر دے دی ، مذکورہ پراجیکٹس کے ملازمین کی توسیع کیلئے ضابطہ کی کارروائی مکمل کرنے کیلئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، متعلقہ اداروں کے وزراء اور سیکرٹریز کو کابینہ نے باقاعدہ ہدایت بھی جاری کی ہیں، اجلاس میں عارضی ملازمین جن کی پہلے سے بائیومیٹرک تصدیق کی جا چکی ہے ان کی کم سے کم تنخواہ 14ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسامیوں کی اپ گریڈیشن اور ڈیزگنیشن کیلئے کابینہ نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات کی روشنی میں منظوری دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے تمام ملازمین کیلئے ہیلتھ انشورنس کیلئے فائنل سفارشات کو کابینہ نے حتمی شکل دینے کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں چھوٹے درجے کے بجلی گھروں کو تعمیر کرنے کیلئے حکومت گلگت بلتستان اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے ساتھ ایم او یو کرنے کی بھی منظوری دے دی ، اس ایم او یو کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا باقاعدہ آغاز کیا جائیگا ، اس منصوبے کے تحت ہائیڈرو منصوبوں کے ساتھ سولر بجلی گھروں کے چھوٹے منصوبے لگائے جائیں گے علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں اضافی ایجنڈے کے تحت کابینہ نے امسال سکردو کیلئے سردیوں میں لوڈشیڈنگ کو کم سے کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی متعلقہ محکمہ واٹر اینڈ پاور کو ہدایات دیں اور ڈیزل جنریٹرز مزید سکردو کیلئے فراہم کرنے کی منظور ی دی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان مائننگ کمیشن رولز 2016ئ میں ترامیم کو کابینہ نے منظور کرتے ہوئے مائننگ پالیسی کو قابل عملدرآمد بنانے اور آسان بناتے ہوئے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مراعات متعارف کرانے کی ہدایات متعلقہ محکمہ کو دیں۔ گلگت بلتستان میں جنگلات کے تحفظ کیلئے صوبائی کابینہ نے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی منظوری دی ، جنگلات کے غیرقانونی کٹائی کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کرنے کی منظوری، ورکنگ پلان پر عملدرآمد کے باقاعدہ آغاز اور شیڈولنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی۔

کابینہ نے دیانت کی نئی فارسٹ پالیسی لیگل شورٹی بانڈ کو لازمی قرار دیا ہے ، دریں اثناء کابینہ نے سئی جگلوٹ تعمیراتی لکڑی کی نیلامی کے حوالے سے حکمت عملی قانونی ضابطہ کے مطابق بنانے کی بھی منظوری دی ۔ نئی ٹمبر کیلئے ضابطہ کی کارروائی 60دنوں کے اندر مکمل کرنی ہو گی اور اس کے بعد نیلامی ہو گی، اجلاس میں مختلف محکمہ جات میں انجینئر الائونس ، پی اینڈ ڈی کا الائونس اور اے پی یو جی ہارڈ ایریا الائونس کیلئے کابینہ جائزہ لینے کے لئے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی اور آئندہ کابینہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

گلگت بلتستان میں اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کنٹریکٹ میں تعیناتی کیلئے عمر اور ڈومیسائل شرائط کی رعایت و مالی مراعات کو دیکھتے ہوئے کابینہ نے عارضی نرمی کی منظوری دیتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ کابینہ اجلاس نے اخوت کے ساتھ آئندہ 5 سال کیلئے معاہدے کی بھی منظوری دی، کابینہ نے چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے مزید علاقوں میں اخوت کی برانچز کھولنے کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر کو سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔