حکومت ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھاری فنڈز خرچ کر رہی ہے‘سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن

جمعہ 4 اکتوبر 2019 17:39

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2019ء) صوبائی سیکریٹری سپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر راشد منصور نے کہا ہے کہ حکومت ڈینگی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھاری فنڈز خرچ کر رہی ہے جس کا مقصد شہریوں کو اس مرض سے محفوظ بنانا ہے۔ ڈینگی کے خلاف تمام اداروں اور سول سوسائٹی کو ایک تحریک کی صورت میں کام کرنا ہوگا ۔موسم کی شدت کے ساتھ ہی لاروا کی نشونما رک جائے گی اور ڈینگی کے خطرات ختم ہو جائیں گے لیکن ہماری کوششیں مزید تیز ہونی چاہیں ۔

انہوں نے سرگودھا میں اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے کہا کہ آگہی مہم کو فعال بنا کر ہم ڈینگی پر قابو پاسکتے ہیں ہر پاکستانی شہری کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے او رتمام لوگوں تک ڈینگی کے بارے احتیاطی تدابیر بارے پیغام پہنچانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا ‘ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکے علاوہ ریڈیو پر بھی فعال مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں طلباء کے لئے خصوصی سیشن منعقد کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کو صحت عامہ کی تمام ترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہاہے ۔موجودہ صورتحال میں ڈینگی موبائل ٹیموں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے بس اڈوں ‘ ریلوے اسٹیشنوں پر ڈینگی کے بارے خصوصی کا ونٹر بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے منبراور محراب سے ڈینگی کے بارے پر چار کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔