سپریم کورٹ: شہبازشریف کیخلاف نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ 22 اکتوبرکوسماعت کرے گا، نیب نے آشیانہ اورصاف پانی کیس میں شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 5 اکتوبر 2019 18:59

سپریم کورٹ: شہبازشریف کیخلاف نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ نے شہبازشریف کیخلاف نیب کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردی، سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ 22 اکتوبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا، نیب نے آشیانہ اورصاف پانی کیس میں شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کیلئے دائرنیب اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کردیں۔

سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ نیب کی اپیلوں پر 22 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔ نیب نے صاف پانی اور آشیانہ کیس میں شہبازشریف کی ضمانت منسوخی کیلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔ اس سے قبل لاہورہائیکورٹ نے شہبازشریف کی دونوں مقدمات میں ضمانت منظور کی تھی۔ واضح رہے قومی احتساب بیورو( نیب ) لاہور نے فروری میں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے محمد شہباز شریف کی آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگر مل کیس میں ضمانت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب کے اعلیٰ افسران اور لیگل ٹیم کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ سے تفصیلی تحریری فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد اس کا جائزہ لے کر آئندہ کا اقدام اٹھایا جائے گا۔ مزید برآں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں۔ ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان کے 27 اکتوبر کو ہونے والے آزادی مارچ کی سپورٹ کی ہے جبکہ شہبازشریف نے مارچ کی قیادت سے یہ کہہ کر انکار کیا ہے کہ ان کی کمر میں تکلیف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو اپنے خلاف ایک بار پھر نیب میں گھیرا تنگ ہونے کا خدشہ تھا، جس کے باعث وہ حکومت مخالف کسی بھی تحریک کا حصہ بننے سے گریز کررہے ہیں۔