پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذہنی صحت کی آگاہی کا عالمی دن جمعرات کومنایا جائے گا

پیر 7 اکتوبر 2019 14:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2019ء) دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ذہنی صحت کی آگاہی کا عالمی دن (ورلڈ مینٹل ہیلتھ اویئر نیس ڈے ) جمعرات کو بھر پور طریقے سے منایا جائے گا جس کا مقصد پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ذہنی مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان وجوہات کی نشاندہی ، عوام الناس میں ان کے بارے میں شعور پیدا کرنا، ابتدائی علامات ، علاج ،پرہیز ، تدارکی اقدامات سے روشناس کروانا ، دماغی امراض سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہی ، اس کے آنے والی نسلوں پر اثرات کی نشاندہی اور امراض سے بچائو کیلئے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ، حکومت پاکستان ، محکمہ صحت پنجاب ، مینٹل ہیلتھ آرگنائزیشن ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ریسرچ انسٹیٹیوٹ ، مینٹل ہسپتال ایڈ منسٹریشن ، مینٹلی ریٹارڈ پیپلز ایسوسی ایشن اور دیگر طبی تنظیموں کے اشتراک سے مختلف شہروں میں خصوصی واکس ، سیمینارز ، کانفرنسز ،ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا جس سے ملک کے ممتاز ماہرین طب سمیت مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات خطاب کریں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی دستاویزی فلم نشر کرے گا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص اشاعتوں کا اہتمام کیا جائے گا۔دماغی امراض کے ماہرین نے اے پی پی سے بات چیت کے دوران انکشاف کیا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فی زمانہ حالات و واقعات کے باعث ذہنی مریضوں کی تعداد میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں 13فیصد افراد معمولی سے لے کر شدید نوعیت تک کے ذہنی مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سماجی مسائل، معاشی عدم مساوا ت ، آمدنی کے ذرائع میں کمی ، قدرتی آفات ، مختلف بیماریاں ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں وغیرہ ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر میں اس وقت 47 سے لے کر 50کروڑ تک مختلف مکاتب فکر کے افراد ذہنی امراض اور دماغی پیچیدگیوں کا شکار ہیں جن میں سے ہر سال 8لاکھ کے قریب افراد خود کشیاں کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ذہنی مریض مشفقانہ رویہ کے متقاضی ہیں اس لئے انہیں تنگ کرنے کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ ان مریضوں کی ذہنی حالت بہتر بنانے سمیت ان کے مرض پر قابو پانا ممکن ہو سکے۔