پورے متحدہ عرب امارات میں مسلسل اور موسلادھار بارش کے بعد ہنگامی صورتحال

ڈیموں کے سپل وے کھول دیے گئے، عوام کیلئے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا، بارشوں کا سلسلہ مزید 2 سے 3 روز تک جاری رہے گا

muhammad ali محمد علی منگل 8 اکتوبر 2019 00:30

پورے متحدہ عرب امارات میں مسلسل اور موسلادھار بارش کے بعد ہنگامی صورتحال
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اکتوبر2019ء) پورے متحدہ عرب امارات میں مسلسل اور موسلادھار بارش کے بعد ہنگامی صورتحال، ڈیموں کے سپل وے کھول دیے گئے، عوام کیلئے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا، بارشوں کا سلسلہ مزید 2 سے 3 روز تک جاری رہے گا۔ اماراتی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق دبئی، ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کے بیشتر علاقوں میں مسلسل اور موسلادھار بارش ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ تاحال ختم نہیں ہوا۔ خاص کر متحدہ عرب امارات کے شمالی علاقوں میں طوفانی نوعیت کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو 2 روز سے جاری ہے۔ متحدہ عرب امارات میں جاری بارشوں کا یہ سلسلہ مزید 2 سے 3 روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ مسلسل بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی ختم ہو گئی۔

اسی لیے نکاسی آب کیلئے بنائے گئے ڈیموں کے سپل وے کھول دیے گئے ہیں۔ جبکہ متحدہ عرب امارات کے رہاشیوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر اب ایسے علاقوں پر بھی پڑ رہا ہے جہاں بارشیں بہت کم ہوتی تھیں۔ خاص کر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وہ علاقے جو خشک سالی کیلئے جانے جاتے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے ان علاقوں میں بھی تواتر سے بارشیں ہونے لگی ہیں۔