پاکستان میں برقی موٹرسائیکلوں کی تیاری کا عمل شروع،

پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل کو الیکٹرک موٹر سائیکل میں تبدیل کرنا ممکن ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ

بدھ 9 اکتوبر 2019 13:37

پاکستان میں برقی موٹرسائیکلوں کی تیاری کا عمل شروع،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2019ء) صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں دو اداروں نے باہمی اشتراک سے برقی موٹرسائیکلوں کی تیاری کا عمل شروع کردیا۔ لاہور میں قائم الیکٹرک موٹرسائیکل کمپنی اوج ٹیکنالوجیز کے سی ای او عثمان شیخ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ وہ پاکستان میں الیکٹرک بائیک تیار کرنے والے پہلے اسمبلرز ہیں جس نے اپنے ڈیزائن سے بائیک تیار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکلوں کی مارکیٹ میں اس سے قبل مقبول جاپانی ڈیزائن کی طرز پر الیکٹرک موٹرسائیکل تیار کئے جارہے تھے جس کی شکل اور ڈیزائن تو عام موٹرسائیکلوں جیسے ہی تھے تاہم ان موٹر سائیکلوں میں پٹرول انجن کی جگہ الیکٹرک انجن لگائے جاتے تھے۔ عثمان شیخ نے کہا کہ ان کی کمپنی نے پہلی مرتبہ الیکٹرک موٹرسائیکلوں کی پیداوار شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہشمند افراد اپنی پٹرول سے چلنے والی موٹرسائیکلوں کو الیکٹرک بائیک میں تبدیل کراسکتے ہیں، مستقبل بجلی سے چلنے والی ٹیکنالوجی کا ہے اور کئی ممالک نے الیکٹرک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوںکی تیاری شروع کردی ہے اور مستقبل میں پاکستان بھر کے شہروں میں الیکٹرک موٹر سائیکل ہی سڑکوں پر دوڑتے نظر آئیں گے۔